ایکنا نیوز- آستانہ مقدس حسینی کے مطابق شعبۂ توسیعِ حرمِ امام حسینؑ کے سربراہ حسین رضا مہدی نے کہا کہ سات محرم سے تیرہ محرم تک خواتین زائرین کے لیے تلِ زینبیہ کے حرم کے دروازے کھول دیے گئے ہیں تاکہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو بہتر انداز میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں حرم کو قالینوں سے آراستہ کیا گیا ہے، سیاہ جھنڈے اور بینرز نصب کیے گئے ہیں جو ماحولِ سوگ کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ مقامِ مقدس کی حرمت کے شایانِ شان صفائی اور خوشبو افشانی کے وسیع انتظامات بھی مکمل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین زائرین کی آمد و رفت کو منظم بنانے، ازدحام کو کم کرنے اور زیارت و عبادت کے لیے پُرسکون اور روحانی ماحول فراہم کرنے کی غرض سے خصوصی راستے مختص کیے گئے ہیں۔
حسین رضا مہدی کے مطابق یہ تمام اقدامات آستان مقدس حسینی کی جامع خدماتی منصوبہ بندی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد عراق اور بیرونِ عراق سے آنے والے لاکھوں عزاداروں کو بہترین سہولیات اور لاجسٹک خدمات فراہم کرنا ہے۔/
4360410