نجف و کربلاء؛ شھید امت کی تشیع کے لیے آمادہ

IQNA

نجف و کربلاء؛ شھید امت کی تشیع کے لیے آمادہ

8:05 - July 07, 2026
خبر کا کوڈ: 3520415
ایکنا: انقلابِ اسلامی کے شہید رہبر کے جسدِ مطہر کی نجفِ اشرف اور کربلائے معلیٰ میں متوقع تشییع کے قریب آتے ہی عراق میں سرکاری، عوامی، قبائلی، سکیورٹی اور خدماتی سطح پر غیر معمولی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔

ایکنا نیوز- الجزیرہ نیوز چینل کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ نجف میں حرمِ علوی کی جانب جانے والی سڑکیں اب اپنی معمول کی حالت میں نہیں رہیں۔ عمارتوں پر سیاہ پرچم لہرائے جا رہے ہیں، سکیورٹی چیک پوسٹوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور خدماتی اداروں کی گاڑیاں شب و روز مصروفِ عمل ہیں، جبکہ سکیورٹی فورسز اس دن کے انتظار میں ہیں جب حکام کے مطابق لاکھوں عزاداروں کی آمد متوقع ہے۔

حرمِ امیرالمؤمنین حضرت علیؑ کے اطراف زائرین کی آمدورفت مسلسل جاری ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انتظامی تیاریاں بھی تیزی سے مکمل کی جا رہی ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ تشییع کے موقع پر حرمِ علوی اور اس کے اطراف کے تمام مقامات عوام کے عظیم اجتماع کا مرکز بن جائیں گے۔

شہر کے تمام باشندے جانتے ہیں کہ نجف ایک ایسے غیر معمولی تاریخی واقعے کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے جو اگرچہ چند گھنٹوں پر مشتمل ہوگا، لیکن نجف اور کربلا کو عوامی ہجوم کے انتظام کے حوالے سے اپنے بڑے ترین چیلنجز میں سے ایک کا سامنا کرنا پڑے گا، حالانکہ یہ دونوں مقدس شہر محرم، صفر، رجب اور شعبان کے مہینوں میں لاکھوں زائرین کی منظم میزبانی کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

نجف کے گورنر یوسف مکی کنّاوی کے مطابق تشییع کی تقریبات دو مراحل میں منعقد ہوں گی۔ پہلا مرحلہ سرکاری تقریب پر مشتمل ہوگا جو منگل کے روز نجف بین الاقوامی ہوائی اڈے پر منعقد کی جائے گی، جس میں عراق کی تینوں ریاستی قوتوں کے سربراہان، سیاسی جماعتوں کے قائدین، رابطہ فریم ورک کے اراکین اور دیگر اعلیٰ سرکاری شخصیات شرکت کریں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دوسرا مرحلہ عوامی تشییع کا ہوگا، جو بدھ کی صبح 6 بجے شارعِ مطار پر واقع صدر ہسپتال پل سے شروع ہوگا۔ یہ جلوس نجف کے قدیم علاقوں سے گزرتا ہوا روضۂ امیرالمؤمنین حضرت علیؑ کی جانب روانہ ہوگا۔

کربلا میں ہزاروں موکب قائم کیے جائیں گے

دوسری جانب کربلا صوبائی کونسل نے شہید رہبرِ ایران کے جسدِ مطہر کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں اعلان کیا ہے کہ کربلائے معلیٰ میں تشییع کے موقع پر ہزاروں موکب قائم کیے جائیں گے۔

حشد الشعبی کے آپریشنز امور کے نائب سربراہ یاسر حسین العیساوی نے بتایا کہ اس عظیم تقریب کے لیے سکیورٹی، خدماتی اور انتظامی منصوبے مکمل طور پر تیار کر لیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں کو حشد الشعبی، عراقی سکیورٹی فورسز اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ترتیب دیا گیا ہے تاکہ لاکھوں عزاداروں کو بہترین سہولیات اور مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔/

 

4362513

نظرات بینندگان
captcha