مکہ مکرمہ میں کازان خطی نسخے کی نمائش

IQNA

مکہ مکرمہ میں کازان خطی نسخے کی نمائش

7:07 - July 01, 2026
خبر کا کوڈ: 3520387
ایکنا: مکہ مکرمہ کے قرآنی میوزیم میں 1906ء میں روس کے شہر کازان میں شائع ہونے والا ایک نادر قرآنِ کریم نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

ایکنا کے مطابق، سعودی خبر رساں ایجنسی (SPA) نے رپورٹ کیا ہے کہ مکہ مکرمہ کے ثقافتی علاقے حرا میں واقع قرآنِ کریم میوزیم میں قرآن کا ایک ایسا نادر مطبوعہ نسخہ نمائش کے لیے رکھا گیا ہے جو روس کے شہر کازان میں شائع ہونے والے قدیم ترین مطبوعہ قرآنی نسخوں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ نسخہ 1324 ہجری قمری، مطابق 1906ء میں طبع کیا گیا تھا۔

اس نادر قرآن کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس کے حواشی میں علمی تشریحات اور تفسیری نوٹس شامل ہیں، جو قرآنِ کریم کی آیات کی تفسیر اور ان کے معانی کی وضاحت کے لیے علماء و محققین کی علمی کاوشوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

یہ نسخہ مطبوعہ قرآنوں کی علمی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے، جنہوں نے علومِ قرآنی کے فروغ اور طلبہ و محققین کے لیے ان سے استفادے کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

یہ نادر قرآن اس وقت سعودی عرب کے کنگ فیصل سینٹر برائے اسلامی تحقیق و مطالعات میں محفوظ ہے۔ اس کی نمائش قرآنی نوادرات اور تاریخی اہمیت کے حامل آثار کو عوام کے سامنے پیش کرنے کے لیے جاری مشترکہ کوششوں کا حصہ ہے۔

قرآن میوزیم کی انتظامیہ زائرین کو قرآنِ کریم کی طباعت کے مختلف مراحل اور اس سے وابستہ علمی و فنی اقدامات سے بھی آگاہ کرنا چاہتی ہے، جنہوں نے قرآنی متن کی صحت، دقت اور حفاظت کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مکہ مکرمہ کا قرآنِ کریم میوزیم دنیا کا پہلا خصوصی قرآنی میوزیم ہے، جہاں نادر نوادرات، مخطوطات اور ایسے مصاحف محفوظ ہیں جو قرآنِ کریم کی کتابت اور طباعت کی تاریخ کے اہم ادوار کی نمائندگی کرتے ہیں۔

یہ میوزیم جدید نمائشی ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کرتا ہے، جس کے ذریعے تعلیمی اور تعاملی مواد پیش کیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد قرآنِ کریم کی عظمت کو اجاگر کرنا اور مختلف ادوار میں مسلمانوں کی جانب سے اس کے تحفظ، نگہداشت اور اشاعت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو نمایاں کرنا ہے۔/

 

4361222

نظرات بینندگان
captcha