دبئی میں انتیسویں بین الاقوامی قرانی مقابلے

IQNA

دبئی میں انتیسویں بین الاقوامی قرانی مقابلے

9:40 - July 11, 2026
خبر کا کوڈ: 3520432
ایکنا: شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی انٹرنیشنل قرآن ایوارڈ کے 29ویں بین الاقوامی مقابلوں کا افتتاح کر دیا۔

ایکنا نیوز- بوابۃ العین الاخباریہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی انٹرنیشنل قرآن کریم ایوارڈ (1448ھ / 2027ء) کے 29ویں بین الاقوامی مقابلوں کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔

شیخ محمد بن راشد نے مقابلے کا شعار "دنیا کی خوبصورت ترین قرآنی آواز کی تلاش" قرار دیتے ہوئے کہا:

"اللہ تعالیٰ کے فضل اور ہدایت سے آج ہم دبئی انٹرنیشنل قرآن کریم ایوارڈ کے نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں۔ ہم دنیا کی بہترین اور خوبصورت ترین قرآنی آوازوں کی تلاش میں ہیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کریں، ان کے پیچھے نماز ادا کریں اور آئندہ ماہِ مبارک رمضان میں، ان شاء اللہ، انہیں خراجِ تحسین پیش کریں۔"

انہوں نے مزید کہا: اللہ کا کلام نور، ہدایت اور رحمت ہے۔ ہم گزشتہ 29 برس سے قرآنِ کریم کے حفاظ کی تکریم کرتے آ رہے ہیں اور ان شاء اللہ یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ہمارے اور آپ سب کے نیک اعمال قبول فرمائے۔

انہوں نے بتایا کہ 29ویں ایڈیشن میں بین الاقوامی شرکت کو مزید فروغ دینے کے لیے کئی نئی خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔ اس سال مقابلے کی مختلف کیٹیگریز درج ذیل ہیں:

16 سال سے زائد عمر کے مردوں کا مقابلہ

16 سال سے کم عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں کا مقابلہ

سال کی ممتاز بین الاقوامی قرآنی شخصیت کا انتخاب

اس سال بھی مقابلے کے مجموعی انعامات کی مالیت ایک کروڑ بیس لاکھ (12 ملین) درہم سے زائد رکھی گئی ہے۔

16 سال سے زائد عمر کے مردوں کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کو 10 لاکھ امریکی ڈالر انعام دیا جائے گا، جبکہ 16 سال سے کم عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں کی دونوں کیٹیگریز میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ہر فاتح کو بھی 10 لاکھ امریکی ڈالر دیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ، اختتامی تقریب میں منتخب بین الاقوامی قرآنی شخصیت کو بھی اعزاز سے نوازا جائے گا اور انہیں 10 لاکھ امریکی ڈالر کا خصوصی انعام دیا جائے گا۔

اس سال کی نمایاں نئی تبدیلیوں میں عوامی شرکت کو مزید وسعت دینا بھی شامل ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس عالمی قرآنی ایوارڈ کا حصہ بن سکیں۔

واضح رہے کہ دبئی انٹرنیشنل قرآن کریم ایوارڈ 1997ء میں اپنے قیام کے بعد سے دنیا کے معتبر ترین اور باوقار قرآنی اعزازات میں شمار ہوتا ہے۔

مقابلے میں شرکت کے خواہش مند افراد ایوارڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر آن لائن درخواست فارم پُر کر سکتے ہیں۔ درخواست کے ساتھ پاسپورٹ کی نقل، ذاتی تصویر اور قرآنِ کریم کے کسی بھی ایک پارے کی زیادہ سے زیادہ تین منٹ کی معیاری ویڈیو تلاوت (واضح آواز کے ساتھ) اپ لوڈ کرنا ضروری ہوگا۔

رجسٹریشن 7 جولائی 2026ء سے 15 اگست 2026ء تک جاری رہے گی۔/

 

4363044

نظرات بینندگان
captcha