جامع مسجد پیرس کو پچیس ہزار قرآن کا تحفہ

IQNA

جامع مسجد پیرس کو پچیس ہزار قرآن کا تحفہ

8:32 - July 12, 2026
خبر کا کوڈ: 3520438
ایکنا: الجزائر کی وزیرِ ثقافت و فنون نے اعلان کیا ہے کہ الجزائر کی جانب سے 25 ہزار قرآنِ کریم پیرس کی جامع مسجد کو تحفے میں دیے جائیں گے۔

ایکنا نیوز- akhbardzair  کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ الجزائر کی وزیرِ ثقافت و فنون ملیکہ بن دوده نے جمعہ کے روز اپنے سرکاری صفحے پر جاری ایک بیان میں پیرس کی جامع مسجد کو 25 ہزار نسخہ ہائے قرآنِ کریم عطیہ کرنے کی اطلاع دی۔

انہوں نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد فرانس میں مقیم الجزائر کے باشندوں اور دیگر مسلمان اقلیتوں کی قرآنی ضروریات کو پورا کرنا ہے، جبکہ اسی نوعیت کے منصوبے مغربی ممالک میں آباد الجزائری برادریوں کے لیے بھی ترتیب دیے جا رہے ہیں۔

اسی سلسلے میں وزیرِ ثقافت و فنون نے الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ہر سال قرآنِ کریم کی اشاعت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے اس اہم ذمہ داری کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پرنٹنگ آرٹس (ENAG) کے انتخاب پر بھی اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔

ملیکہ بن دوده نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پرنٹنگ آرٹس کے ان کارکنوں اور ماہرین کی خدمات کو بھی سراہا، جو کئی برسوں سے الجزائر کے اخبارات کی طباعت کے ساتھ ساتھ قرآنِ کریم، خصوصاً روایتِ ورش کے مطابق، اعلیٰ معیار کی اشاعت کے فروغ میں سرگرمِ عمل ہیں۔ انہوں نے قرآنِ کریم کو نہایت خوبصورت انداز، معیاری طباعت اور عالمی معیار کے مطابق شائع کرنے کے لیے ان کی لگن اور عزم کی تعریف کی۔

انہوں نے مزید کہا: ہمیں سب سے پہلے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پرنٹنگ آرٹس کے ان کارکنوں اور ماہرین پر فخر ہونا چاہیے، جنہوں نے برسوں کی محنت سے روایتِ ورش کے مطابق اور مصحفِ الجزائر کے اسلوب میں قرآنِ کریم کی طباعت کے معیار کو بلند کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کی ہیں۔

وزیرِ ثقافت و فنون نے اپنے بیان کے اختتام پر اس ادارے کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ نفیس اور اعلیٰ معیار کی طباعت، بالخصوص قرآنِ کریم کی اشاعت سے متعلق تمام ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گا۔/

 

4363341

نظرات بینندگان
captcha