ایکنا نیوز- الثورة نت نے رپورٹ دی ہے کہ یہ اکیڈمی اور مدرسہ، جو یمن کی فیکلٹی آف قرآن کریم کی ایک شاخ ہیں، رداع کے علاقے ولد ربیع میں واقع مسجد عمار بن یاسر میں قائم کیے گئے ہیں۔ ان کی افتتاحی تقریب حضرت امام زید بن علیؑ، جو "حلیف القرآن" (قرآن کے ہم پیمان) کے لقب سے معروف ہیں، کی شہادت کی برسی کے موقع پر منعقد ہوئی۔
تقریب میں صوبائی گورنر کے نائبین عبدالسلام النصیری اور ناصر العجی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے اس نئے تعلیمی ادارے کی قرآنی تعلیمات اور علومِ قرآن کی ترویج میں اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مراکز یمن میں ممتاز دینی علماء اور مبلغین کی تربیت میں اہم کردار ادا کریں گے، جبکہ اس طرح کے اقدامات معاشرے میں دینی شعور کو فروغ دینے اور اسلامی اقدار کے پھیلاؤ میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔
تقریب کے دوران اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اس اکیڈمی اور مدرسے کا افتتاح قرآنی اور دینی تعلیمات سے وابستگی کا عملی اظہار ہے، نیز یہ حضرت امام زیدؑ کی ان تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش ہے جو قرآنِ کریم اور اسلامی اصولوں سے مضبوط وابستگی پر مبنی ہیں۔
شرکاء نے اس تعلیمی منصوبے کے منتظمین اور معاونین کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ یہ ادارہ ایسے باصلاحیت اور دینی علم سے آراستہ افراد کی تربیت میں اہم کردار ادا کرے گا جو معاشرے کی مؤثر خدمت کر سکیں۔
افتتاحی تقریب میں مختلف پروگرام بھی پیش کیے گئے جن میں قرآن کریم کے مقام و منزلت اور فرد و معاشرے کی تشکیل میں اس کے بنیادی کردار کو اجاگر کیا گیا۔
حضرت زید بن علی بن الحسینؑ، امام سجادؑ کے فرزند اور شیعہ و عالمِ اسلام کی ممتاز شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ قرآنِ کریم سے گہری وابستگی کے باعث انہیں "حلیف القرآن" یعنی "قرآن کے ہم پیمان" کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔
انہوں نے 121 ہجری میں اموی خلیفہ ہشام بن عبدالملک کے خلاف قیام کیا، جس میں ایک بڑی تعداد نے ان کی بیعت کی۔ بعد ازاں کوفہ میں خلیفہ کی فوج کے ساتھ ہونے والی جنگ میں وہ جامِ شہادت نوش کر گئے۔/
4363751