ایکنا نیوز- صوت البلد نیوز کے مطابق مصر کے وزیر اوقاف اسامہ الازہری نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے وزارت اوقاف کی مجلسِ تلاوتِ قرآن کے معمر ترین ارکان میں سے ایک اور مسجد احمدی کے قدیم ترین قراء میں شمار ہونے والے شیخ سعید النجار کے انتقال پر تعزیت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے پوری زندگی قرآن کریم کی خدمت میں گزاری اور اب اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے ہیں۔
تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ مرحوم شیخ سعید النجار وزارت اوقاف کے نہایت مخلص اور وفادار خادم تھے۔ وہ منیِل الہویشات میں واقع سیدی سوید مسجد میں مؤذن اور قاریِ قرآن کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔ انہوں نے اخلاص، انکساری اور اعلیٰ اخلاق کی روشن مثال قائم کی اور زندگی کے آخری ایام تک قرآنی محافل اور مجالسِ تلاوت میں باقاعدگی سے شریک ہوتے رہے۔
وزیر اوقاف نے مرحوم کے اہلِ خانہ، شاگردوں اور عقیدت مندوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی وسیع رحمت سے نوازے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور قرآن کریم کی خدمت پر بہترین اجر عطا کرے۔ انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب کے لیے بھی صبرِ جمیل کی دعا کی۔
شیخ سعید النجار، جو مصر کے صوبہ غربیہ کے شہر طنطا کے نواحی گاؤں منیِل الہویشات کے رہائشی تھے، گزشتہ روز 97 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
شیخ سعید النجار ان ممتاز قراء اور اساتذہ میں شامل تھے جنہوں نے مصر میں تلاوتِ قرآن کے سنہری دور کو قریب سے دیکھا۔ وہ اس میدان کی نامور شخصیات، خصوصاً شیخ محمود خلیل الحصری اور شیخ عنتر مسلم جیسے عظیم مصری قراء کے ہم عصر اور رفیق رہے۔
قرآن کریم کی خدمت کا درخشاں سفر
شیخ سعید النجار کی قرآنی زندگی کئی دہائیوں پر محیط تھی، جس میں انہوں نے دعوت و تبلیغ کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ وہ ایک مؤذن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے اور منیل الہویشات کی سیدی سوید مسجد میں تلاوتِ قرآن کی ذمہ داری نہایت اخلاص، پابندی اور نظم و ضبط کے ساتھ نبھاتے رہے۔
ان کی پوری زندگی ایسے بے شمار واقعات سے عبارت ہے جو ان کی دینی ذمہ داری سے وابستگی اور قرآن کریم سے گہری محبت کی گواہی دیتے ہیں۔ وہ اپنی زندگی کے آخری لمحوں تک طلبۂ علم اور قرآن سے محبت کرنے والوں کے درمیان موجود رہے اور انہیں علم و ہدایت سے فیض یاب کرتے رہے۔/
4367754