اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کے قرآن نسخے ضبط

IQNA

اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کے قرآن نسخے ضبط

6:52 - August 08, 2026
خبر کا کوڈ: 3520556
1
ایکنا: صہیونی حکومت کے وزیر داخلی سلامتی کے حکم پر نقب جیل کے اہلکاروں نے جیل پر چھاپے کے دوران فلسطینی قیدیوں کے قرآن کریم کے متعدد نسخے ضبط کرلیے گئے۔

ایکنا نیوز- المیادین نیوز نے رپورٹ دی ہے کہ صہیونی حکومت کے وزیر داخلی سلامتی ایتامار بن گویر نے جمعرات کو نقب جیل پر دھاوا بولا اور جیل کے محافظوں کو فلسطینی قیدیوں کے باقی ماندہ کپڑے بھی غیر قانونی طور پر ضبط کرنے کا حکم دیا۔

فلسطینی قیدیوں کے میڈیا دفتر نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جیل کے اہلکاروں نے کارروائی کے دوران قرآن کریم کے متعدد نسخے بھی ضبط کرلیے اور ہر وارڈ میں صرف ایک نسخہ باقی چھوڑا۔ اس کارروائی کے بعد قیدیوں کے پاس پہننے کے لیے انتہائی کم کپڑے باقی رہ گئے ہیں۔

فلسطینی قیدیوں کے میڈیا دفتر نے مزید کہا کہ نقب جیل میں حالات مسلسل خراب ہو رہے ہیں۔ قیدیوں کو خوراک اور حفظانِ صحت کی ضروری اشیا کی مسلسل کمی کا سامنا ہے، جبکہ ان کے خلاف سخت تر تادیبی اقدامات اور بار بار بدسلوکی کے واقعات بھی جاری ہیں۔

ادارے نے خبردار کیا کہ یہ صورتحال سیکڑوں قیدیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر مبنی ان اقدامات کو روکنے کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق صہیونی حکومت کی جیلوں میں اس وقت تقریباً 9,500 فلسطینی قیدی موجود ہیں، جن میں 94 خواتین اور 350 سے زائد بچے شامل ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان الزامات کی تحقیقات کی جائیں اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے تحت فلسطینی قیدیوں کے حقوق کی پاسداری یقینی بنائی جائے۔/

 

4368368

نظرات بینندگان
captcha