عراق، داعش کےگڑھ رمادی پر عراقی حسینی فوج کا قبضہ مکمل

IQNA

عراق، داعش کےگڑھ رمادی پر عراقی حسینی فوج کا قبضہ مکمل

11:49 - December 30, 2015
خبر کا کوڈ: 3500014
بین الاقوامی گروپ:عراقی فوج نے کہا ہے کہ انھوں نے رمادی میں حکومت کے ایک سابق کمپلیکس کو پھر سے اپنے قبضے میں لے لیا ہے جہاں دولت اسلامیہ کے جنگجو عراقی فورسز کے حملے کے خلاف مزاحمت کر رہے تھے

ایکنا نیوز-شفقنا-عراقی فورس کے مطابق کپلیکس پر قبضہ شہر میں دولت اسلامیہ کی شکست کا پیش خیمہ ہے تاہم انھوں نے یہ تسلیم کیا کہ بعض علاقوں سے مزاحمت ہو سکتی ہے۔ خیال رہے کہ حکومت کئی ہفتوں سے رمادی کو واپس اپنے قبضے میں لینے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے۔ سنی اکثریت والا یہ شہر جو بغداد کے 90 کلو میٹر مغرب میں واقع ہے اس پر دولت اسلامیہ نے مئی میں قبضہ کر لیا تھا اور اسے حکومت اور فوج کے لیے شرمناک شکست سے تعبیر کیا گیا تھا۔ حالیہ دنوں میں عراقی فوج نے پھندوں سے بھری عمارتوں اور دام سے پر گلیوں سے گزرتے ہوئے شہر کے قلب کی جانب اپنا راستہ بنایا اور راستے میں کئی اضلاع کو اپنے قبضے میں بھی لیا۔ کہا جا رہا ہے کہ دولتِ اسلامیہ کے جنگجو شہر کے شمال مشرق کی طرف فرار ہو گئے ہیں۔ فوجی ترجمان صباح النعمانی نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا: ’کمپلیکس ہمارے کنٹرول میں ہے اور کمپلیکس میں (دولت اسلامیہ کے) کسی جنگجوکا نام و نشان نہیں ہے۔ ’اس کمپلیکس پر قبضے کا مطلب ہے کہ رمادی میں ان کی شکست ہو گئی ہے۔ دوسرا مرحلہ شہر میں ان علاقوں کو صاف کرنا ہے جہاں وہ ہو سکتے ہیں۔‘ اس سے قبل سرکاری فورسزز کے ترجمان بریگیڈیئر یحییٰ رسول نے سنیچر کو کہا تھا کہ شہر کے علاقے ہوز میں، جہاں صوبائی حکومت کے دفاتر واقع ہیں، عراقی فوج نے پیش قدمی کی ہے۔ بریگیڈیئر یحیی رسول کا کہنا تھا کہ ’ فضائی بمباری زمینی افواج کی، پیش قدمی کرنے میں مدد گار ثابت ہوئی ہے۔‘ خصوصی آپریشنز کے کمانڈر سمیع الآردی کا کہنا ہے کہ ’رمادی کو تین اطراف سے آزاد کروانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ہماری فوج اب اپنے اہداف کی طرف پیش قدمی کر رہی ہے اس میں تاخیر مجرموں کی جانب سے گھروں اور دیگر عمارتوں میں نصب کیے گئے بموں کی وجہ سے ہو رہی ہے۔‘ بریگیڈیئر یحییٰ رسول کے مطابق دولتِ اسلامیہ کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں رہنے والے عام شہریوں نے مرکزی ہسپتال میں پناہ لے رکھی ہے کیونکہ انھیں معلوم ہے کہ سرکاری فوج ہسپتال کو نشانہ نہیں بنائے گی۔ گذشتہ ماہ حکومتی فورسز نے رمادی شہر کو مکمل طور پر گھیر لیا تھا۔

7078

نظرات بینندگان
captcha