فیصل عابدی کو ملک اور پیروان اہل بیت سے محبت کی سزا دی جارہی ہے۔ مجلس وحدت

IQNA

فیصل عابدی کو ملک اور پیروان اہل بیت سے محبت کی سزا دی جارہی ہے۔ مجلس وحدت

7:11 - November 06, 2016
خبر کا کوڈ: 3501853
بین الاقوامی گروپ: وفاقی و صوبائی حکومتیں ملت تشیع کیخلاف باقاعدہ فریق بنی ہوئیں ہیں فیصل رضا کو شیعیت کے دفاع اور وطن سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے: علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
فیصل عابدی کو ملک اور پیروان اہل بیت سے محبت کی سزا دی جارہی ہے۔ مجلس وحدت

ایکنا نیوز- پیام ٹی وی کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے معروف سیاستدان، سابق سینیٹر اور وائس آف شہداء کے چیئرمین فیصل رضا عابدی کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں ملت تشیع کے خلاف باقاعدہ فریق بنی ہوئیں ہیں۔ 

فیصل رضا عابدی کو شیعیت کے دفاع اور وطن سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے۔ ایک طرف ہمیں دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور دوسری جانب حکومتی اداروں کی طرف سے ہمارے عزاداری کے پروگراموں پر قدغن، علماء و عمائدین کی گرفتاری اور رفاہی حوالے سے فعال شخصیات کی شہریت کی معطلی جیسے بلاجواز اقدامات کا سامنا ہے۔ حکومت واضح کرے کہ کس کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے پاکستان کے پانچ کروڑ سے زائد عوام پر مشتمل ایک مکتب کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کی حب الوطنی اور قربانیاں روز روشن کی طرح آشکار ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کے مقتدر اداروں کی طرف سے اس اہم مسئلے پر خاموشی ہمارے لئے مایوس کن ہے۔

علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بقا و سالمیت تمام طبقات کے حقوق کے احترام سے مشروط ہے۔ جو قوتیں پاکستان میں طبقاتی جنگ کے لئے راہ ہموار کرنے میں مصروف ہیں، پاکستان کا وجود ان کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے، ان قوتوں کے تانے بانے کالعدم مذہبی جماعتوں سے ملے ہوئے ہیں۔ کالعدم جماعتوں کو شرانگیز اجتماعات کرنے کی کھلی چھوٹ اور محب وطن افراد کو پابند سلاسل کیا جانا ملک کو دانستہ طور پر تباہی کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے۔ 

ایسی صورتحال میں حکومت کے جانبدارانہ اور مشکوک کردار پر بااختیار اداروں کی خاموشی وطن عزیز کے لئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کے پس پردہ سیاسی عوامل بھی ممکن ہیں، لیکن پولیس کی طرف سے بلا ثبوت اسے فرقہ واریت کا رنگ دے کر تکفیری گروہوں کو مزید فعال ہونے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہی گروہ ارض پاک کے استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیراعلٰی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملت تشیع کے خلاف ان غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لیا جائے اور فیصل رضا عابدی کو فوری رہا کیا جائے۔
نظرات بینندگان
captcha