
ایکنا نیوز- (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) نے پیر اور منگل کی درمیانی شب رینجرز کے ساتھ اردو بازار کراچی مقابلے کے میں مارے گئے دہشتگردوں کے جرائم کی فہرست جاری کردی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ رات رینجرزنے اردوبازارکراچی میں ٹارگٹڈ چھاپہ مار کر کالعدم جنداللہ گروپ کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ یہ دہشتگردریموٹ کنٹرول دھماکوں سمیت دہشتگردسرگرمیوں میں ملوث تھے، مارے گئے دہشتگردوں میں زاہد آفریدی المعروف فہیم عرف حمید ، محمد حفیظ اللہ کوئٹہ وال اورماما شامل ہیں جبکہ مارے گئے دہشت گردوں میں خاتون سہولت کار افشاں بھی شامل ہے ۔
دہشتگرد 15 مارچ 2015 کواسپیشل سیکیورٹی یونٹ بس پرحملے میں ملوث تھے جبکہ یہی دہشت گردکراچی سٹی کورٹ پرحملے میں بھی ملوث تھے۔ مسجد ابوہریرہ پررینجرزموبائل پرحملہ بھی انہی دہشتگردوں نے کیا تھا اور یہ دہشت گرد مختلف بینک ڈکیتیاں بھی کرتے رہے ہیں۔ رینجرز سے مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشتگرد 2013 میں شیعہ برادری کے 15 سے 20 افراد کے قتل میں ملوث تھے جبکہ انہوں نے 2015 میں کراچی سینٹرل جیل کی کھدائی میں بھی حصہ لیا تھا۔ انہی دہشتگردوں نے اے این پی کارکن عجب خان کو بھی اغوا کیا تھا۔