IQNA

12:06 - April 27, 2019
خبر کا کوڈ: 3506044
بین الاقوامی گروپ-سری لنکا میں سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ اور مشتبہ دہشت گردوں کے خود کو دھماکے سے اڑانے کے واقعے میں 6 بچوں سمیت 20 افراد ہلاک ہوگئے۔

ایکنا نیوز- القدس العربی کے مطابق فوجی ترجمان نے بتایا کہ سری لنکا کے مشرقی ساحلی علاقے باٹیکالوا کے قریب امپارہ سینٹمرتھ میں سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ چھاپے کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی جس کے بعد جوابی فائرنگ میں 4 دہشت گرد اور ایک راہگیر مارا گیا۔

اس سے قبل دیگر دہشت گردوں نے اپنے آپ کو دھماکا خیز مواد سے اڑالیا تھا جس کے نتیجے میں 6 بچوں سے سمیت 15 افراد مارے گئے جن میں 3 مشتبہ دہشت گرد شامل تھے۔

فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں کلیئرنگ آپریشن کے دوران جائے وقوعہ سے وہ آلات بھی ملے ہیں جن کی مدد سے مشتبہ دہشت گرد ویڈیو ریکارڈ کیا کرتے تھے۔

اس کے علاوہ سرلنکن فوج نے جائے حادثہ سے داعش کا جھنڈا اور وہ وردیوں کے ملنے کا دعویٰ بھی کیا ہے جنہیں داعش کے جنگجو پہنتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ملٹری ترجمان کی جانب سے بیان سامنے آیا تھا کہ امپارہ سینٹمرتھ میں دھماکے کی آوازیں سننے کے بعد جب سپاہی تحقیقات کے لیے وہاں پہنچے تو ان پر فائرنگ کی گئی۔

 اس سے پہلے گذشتہ ہفتے کو گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے دھماکوں میں 300 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ملک بھر میں چھاپے مارے جبکہ داعش کی جانب سے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی گئی تھی۔

 

نام:
ایمیل:
* رایے:
* captcha: