حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کا یوم شہادت ، امام رضا علیہ السلام کا حرم سیاہ پوش و عزادار

IQNA

حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کا یوم شہادت ، امام رضا علیہ السلام کا حرم سیاہ پوش و عزادار

13:46 - February 27, 2022
خبر کا کوڈ: 3511391
حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم کے صحنوں اور رواقوں میں آپ کے والد بزرگوار حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی تاریخ شہادت کی مناسبت سےمجالس عزاء کا انعقاد کیا گیا ہے۔

آستان قدس رضوی کے مطابق فرزند رسول(ص) اور آسمان امامت و ولایت کے ساتویں  آفتاب عالم تاب  حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام 128 ہجری قمری میں ابواء نامی گاؤں میں جوکہ مکہ اور مدینہ کے درمیان واقع ہے دنیا  میں تشریف لائے،آپؑ کی والدہ گرامی کا نام حمیدہ ہے جو کہ ایک با فضیلت و  باعظمت   بی بی ہیں اور آپؑ کے والدبزرگوار شیعوں کے چھٹے امام حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام ہیں۔
  امام موسی کاظم علیہ السلام  کی مدت امامت پینتیس برسوں پر مشتمل تھی ،اس عرصے میں حاکمان وقت اور دشمنان اہلبیت(ع) کی جانب سے آپ کو مسلسل قید و بند میں رکھا گیا،ان تمام تر سختیوں اور صعوبتوں کو برداشت کرنے کے باوجود امام موسی کاظم علیہ السلام نے دین اسلام کو بہترین انداز میں لوگوں تک پہنچایا،علم و عبادت و سخاوت و بردباری اور دیگر اعلی الہی  کمالات میں آپؑ کا کوئی ثانی نہیں تھا ،انہی کمالات سے خائف ہوکر عباسی خلیفہ ہارون رشید نے ظالم زندان بان سندی بن شابک کے ذریعہ 25 رجب المرجب سن 183 ہجری قمری میں زہر کے ذریعہ انتہائی مظلومیت کے عالم میں شہید کردیا۔
مرزا دبیر کہتے ہیں:  مولا پہ انتہائے اسیری گزرگئی۔۔۔۔۔۔۔۔زندان میں جوانی و پیری گذر گئی۔
حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے فرزند ارجمند حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کا حرم مطہر آپ کے والد بزرگوار کی تاریخ  شہادت  کی آامد کی مناسبت سے سوگوار   عزادار ہے گنبد مطہر کاسبز پرچم اتار کر سیاہ پرچم نصب کیا گیا ہے،حرم مطہر کے تمام داخلی دروازوں پر شہادت کی مناسبت سے بینرز لگائے گئے ہیں ،نہ فقط اندرون ملک بلکہ بیرون ملک سے بھی زائرین کی کثیر تعداد امام رضا علیہ السلام  کو ان کے والد بزرگوار کا پرسہ دینے کے لئے حرم مطہر رضوی میں موجود ہے  ۔
پورے حرم میں جگہ جگہ زائرین نوحہ خوانی و سینہ زنی میں مصروف ہیں ،مختلف رواقوں میں مجالس عزاء کا اہتمام کیا گیا ہے، پاکستان،ہندوستان اور دیگر ممالک سے  آنے  والے اردو زبان زائرین کے لئے  بھی رواق غدیر میں خصوصی طور پر مجلس عزا ء کا انعقاد کیا گیا، جس میں زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، مجلس کا آغاز نماز جماعت مغربین کے فوراً بعد قرآن پاک کی تلاوت اور زیارت امین اللہ سے ہوا،جس کے بعد ہندوستان سے آئے  خطیب حجت الاسلام ڈاکٹر سید حسن اختر عابدی  نے امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے کمالات و فضائل بیان کرنے کے ساتھ امام علیہ السلام کے مصائب بھی بیان کئے ۔
مجلس کے اختتام پر اردو زبان زائرین نے حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے غم میں نوحہ خوانی و سینہ زنی کی   
قابل ذکر ہے کہ حرم امام رضا(ع) کی انتظامیہ کی جانب سے رواق غدیر کو اردو زبان زائرین کے لئے مختص کیا گیا ہے جہاں پر ہر رات اردو زبان میں پروگرام   اور مجالس و محافل کا انعقاد کیا جاتا۔

نظرات بینندگان
captcha