ایکنا نیوز کے مطابق اٹھارہ ذی الحجہ عید غدیر کا دن جس دن آخری حج میں رسول گرامی اسلام حضرت علی کو اپنا جانشین مقرر فرماتے ہیں اس دن کی مناسبت سے مختلف ممالک کے علاوہ پاکستان میں بھی جشن کا بھرپور اہتمام کیا جاتا ہے ۔ اس حوالے سے الغدیر کمیٹی کی جانب سے گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں غدیری دسترخوان کا اہتمام کیا گیا جسمیں مرکزی پروگرام علمدار روڈ میں غدیری دسترخوان کا اہتمام تھا جس میں شیعہ سنی علماۓ کرام نے شرکت کرکے اتحاد بین المسلمین کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ عوام الناس کی کثیر تعداد اس موقع پر علمدار روڈ پر موجود تھی۔ خواتین کیلئے بھی انتظامات کئے گئے تھے۔
تقریب سے امام جمعہ کوئٹہ اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری، بلوچستان کے سابق ایڈشنل چیف سیکرٹری میجر (ر) نادر علی اور اہلسنت کے عالم دین پیر حبیب اللہ شاہ چشتی نے خطاب کیا۔ مقررین نے عید غدیر کے حوالے سے گفتگو کی اور اسلام میں اسکی ضرورت پر زور دیا۔ اسکے ساتھ ہی عوام الناس کو عید غدیر اور ولایت کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ آخر میں عوام الناس میں نیاز تقسیم کی گئی۔
بروری کے مدرسہ علی ابن ابیطالب میں بھی جشن غدیر منایا گیا جسمیں ہزاروں لوگ شریک تھے جب کہ تقسیم انعامات کے علاوہ غدیری دسترخؤان کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جب کہ علمدار روڑ اور ہزارہ ٹاون کے مختلف علاقوں میں جشن غدیر اور غدیری کھانے کے پروگرام منعقد کیے گیے۔/