ایکنا نیوز، اناطولی نیوز ایجنسی کے مطابق ترکی کے شہر استنبول میں واقع 1500 سال پرانے ایاصوفیہ کی وسیع مرمت کا نیا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ اس مرحلے کا مقصد تاریخی گنبدوں کو زلزلے کے خطرے سے محفوظ بنانا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے میں مرکزی گنبد اور نیم گنبد کو مضبوط بنانا، بوسیدہ سیسہ کی پرتوں کو تبدیل کرنا، اور فولادی فریم کو تقویت دینا شامل ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ مشرقی جانب نصب ہونے والا نیا ٹاور کرین ضروری مواد کو پہنچا کر بازسازی کے عمل کو آسان بنائے گا۔
ایمارتی انجینئر، معمار سنان یونیورسٹی کے لیکچرر اور مرمت کی نگرانی کرنے والی سائنسی کونسل کے رکن، محمد سلیم اوکتن نے کہا: "ہم نے تین سال تک ایاصوفیہ اور اس کے اردگرد کے ڈھانچوں کی بازسازی کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔ اس عرصے کے اختتام پر، ہم نے میناروں، مرکزی گنبد، اور بنیادی طاقوں کو زلزلے کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر محفوظ بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔"
سال 2023 میں ترکی کے جنوب میں 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس سے لاکھوں عمارتیں تباہ ہوئیں اور 53 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔ اگرچہ استنبول اس زلزلے سے متاثر نہیں ہوا، لیکن جنوبی ترکی کی تباہی نے ایک بڑے زلزلے کے خدشات کو بڑھا دیا، اور ماہرین نے شہر کے فالٹ لائنز کے قریب ہونے کی طرف اشارہ کیا۔
اوکتن نے بتایا کہ بازسازی کا ایک نیا مرحلہ شروع ہونے والا ہے، جسے وہ گزشتہ 150 سالوں اور اس عمارت کی پوری تاریخ میں سب سے اہم مداخلت قرار دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا: "مشرقی جانب ایک ٹاور کرین نصب کی جائے گی، پھر ہم اس منفرد ڈھانچے کے اوپر ایک حفاظتی فریم لگائیں گے۔ اس طرح ہم زیادہ محفوظ طریقے سے کام کر سکیں گے اور عمارت کی تہوں کو سائنسی طور پر جانچ سکیں گے، جن میں ان نقصانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا جو 10ویں اور 14ویں صدی کے دوران آگ اور زلزلوں کی وجہ سے پہنچے۔"
ایاصوفیہ کو بازنطینی بادشاہ جسٹینیئن نے 537ء میں تعمیر کروایا تھا۔ جب 1453ء میں عثمانیوں نے استنبول فتح کیا تو اسے مسجد میں تبدیل کر دیا گیا۔ ترکی کے بانی رہنما مصطفی کمال اتاترک نے اسے 1934ء میں میوزیم بنا دیا تھا۔
اوکتن نے کہا: "ہم نے چاروں میناروں اور مرکزی ڈھانچے پر کام مکمل کر لیا ہے، مگر اس منفرد ثقافتی ورثے کی بازسازی کے لیے ہم جدید اور ہلکے وزن والے مواد کا استعمال کرنا چاہتے ہیں اور اس عمارت کو عوام کے لیے کھلا رکھنا چاہتے ہیں۔"
روپرٹ ویگریف، کیمبرج یونیورسٹی کے پروفیسر، نے کہا: "ایاصوفیہ ایک حیرت انگیز اور دنیا کی اہم ترین تاریخی عمارات میں سے ایک ہے۔ اس کا زلزلے کے خلاف مضبوط کیا جانا واقعی نہایت اہم معلوم ہوتا ہے۔"
اگرچہ ایاصوفیہ سے منسلک سلطان سرا کا حصہ 1990ء کی دہائی سے نمازیوں کے لیے کھلا ہوا ہے، مگر ترکی میں مذہبی اور قوم پرست حلقے طویل عرصے سے اس 1500 سالہ عمارت کو دوبارہ مسجد بنانے کے خواہاں تھے، کیونکہ وہ اسے سلطان محمد فاتح کا ورثہ سمجھتے ہیں۔ ترکی کی اعلیٰ انتظامی عدالت نے 2020ء میں 1934ء کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا اور اس عمارت کو مسجد کے طور پر دوبارہ کھولنے کی اجازت دی۔/
4276499