ایکنا نہوز- المصری الیوم نیوز کے مطابق احمد الطیب، شیخ الازہر نے ایک پیغام میں، جو ان کے فیس بک پیج پر شائع ہوا، بھارت اور پاکستان کے درمیان چند دنوں کی جھڑپوں کے بعد جنگ بندی پر مبارکباد دی ہے۔ ان جھڑپوں میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے۔
اس پیغام میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ یہ جنگ بندی جنوبی ایشیا اور دنیا میں امن، سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
شیخ الطیب نے کہا ہے : "امن اب بھی وہ بہترین راستہ ہے جو اقوام کے درمیان تعلقات میں غالب ہونا چاہیے۔ لہٰذا عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ تمام بے معنی تنازعات، جنگوں اور اختلافات کے خاتمے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید تیز کرے تاکہ ہم ایک بہتر دنیا دیکھ سکیں، جہاں انسانیت کو سلامتی، بھلائی اور خوشحالی حاصل ہو۔"
ہفتہ کی شام میڈیا ذرائع اور پاکستان کے وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بھارت اور پاکستان کے درمیان فوری جنگ بندی کے اعلان کی خبر دی۔
تاہم، جنگ بندی کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد، دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر اس معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگایا۔ بھارت نے جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزی کی شکایت کی، جبکہ پاکستان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ وہ اس جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے، اگرچہ بعض علاقوں میں بھارت کی جانب سے خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔
رائٹرز نے عینی شاہدین کے حوالے سے لکھا ہے کہ بھارتی کشمیر کے اہم شہروں سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی خبریں موصول ہوئیں۔ حکام، رہائشیوں اور عینی شاہدین کے مطابق، سرینگر اور جموں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور جموں کی رات کے آسمان پر روشنیوں اور گولہ باری کا مشاہدہ کیا گیا، جو پچھلی رات کے واقعات سے مشابہت رکھتا ہے۔/
4281940