ایکنا نیوز- اخبار الشیعہ کے مطابق بھارت میں مسلمانوں اور کشمیریوں کے خلاف نفرت پر مبنی بڑھتی ہوئی پرتشدد کارروائیوں نے عالمی رائے عامہ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ انجمن حمایت حقوق مدنی (APCR) کے مطابق، صرف 17 دنوں (22 اپریل سے 8 مئی) کے دوران، 184 سنگین جرائم مسلمانوں کے خلاف درج کیے گئے، جو "پہلگام" حملے کے بعد شروع ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پہلگام حملہ صرف ایک بہانہ تھا، جس کے بعد نسل پرستی پر مبنی اشتعال انگیز بیانات اور خونریز واقعات کا طوفان آ گیا۔ اس دوران 84 نفرت انگیز بیانات، 39 پرتشدد حملے، 19 تخریبی کارروائیاں اور 3 ہولناک قتل مستند طور پر ریکارڈ کیے گئے، جن کی تصدیق باقاعدہ رپورٹس اور شواہد سے ہوئی ہے۔
اُتر پردیش کے شہر آگرہ میں، ہندو انتہاپسند گروہ "کشتریا گاؤ رکشا دل" کے افراد نے ایک مسلمان شخص کو بے دردی سے قتل کر دیا اور اس کے کزن کو بھی شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ منگالورو میں، ایک مسلمان کو اس الزام میں کہ اس کی دکان پر "پاکستان" کا لوگو لگا ہے، بغیر کسی مقدمے کے قتل کر دیا گیا۔ جھارکھنڈ کے علاقے بوکارو میں، ہندو انتہاپسندوں نے سیکیورٹی فورسز کی خاموشی کے سائے میں ایک مسلمان کو ماورائے عدالت قتل کر دیا۔
ان حملوں کا نشانہ صرف ایک طبقہ نہیں، بلکہ طلباء، خواتین، بچے، دکاندار اور مساجد کے امام بھی ان حملوں کی زد میں آئے۔ چندی گڑھ اور ہماچل پردیش میں کشمیری طالبات پر سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں حملے کیے گئے۔ مسوری (اترکھنڈ) میں ہندو انتہا پسند جماعت بجرنگ دل کے افراد نے مسلمانوں کی کپڑوں کی دکانوں پر حملے کیے، اور بعد میں پولیس نے متاثرین کو شہر چھوڑنے کا کہا۔
مہاراشٹر کے علاقے سانتا کروز میں، ہتھیاروں سے لیس ہجوم نے مسلمان خاندانوں پر حملہ کیا۔ ایک خاتون، جو اپنی گود میں بچہ لیے ہوئے تھی، کو ہندو انتہا پسندوں کے نعرے لگانے پر مجبور کیا گیا اور اسے پاکستان جانے کی دھمکی دی گئی۔
تخریبی کارروائیوں میں مدارس، گھروں، دکانوں، کلینکس اور مسلمانوں کے قبرستانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ راجستھان میں، بی جے پی کے ایک رکنِ پارلیمان نے عوامی اجتماع کے دوران ایک مسجد پر حملہ کیا۔ اوجین شہر میں ایک مسلمان کے گھر کو جلا دیا گیا۔ آندھرا پردیش میں صرف اس بنا پر کہ ایک بیکری کا نام "کراچی" تھا، اسے تباہ کر دیا گیا۔
افسوسناک بات یہ ہے کہ بعض مقامات پر پولیس نے نہ صرف مداخلت نہیں کی، بلکہ بعض حملوں میں شامل بھی ہوئی یا حملہ آوروں کو اشتعال دلایا۔/
4283016