شیخ نعینع کی جانب سے مصطفی اسماعیل کے بیٹے کی تعزیت

IQNA

شیخ نعینع کی جانب سے مصطفی اسماعیل کے بیٹے کی تعزیت

5:55 - May 31, 2025
خبر کا کوڈ: 3518568
ایکنا: نامور قاری شیخ احمد نعینع نے قاری مصطفی اسماعیل کے بیٹے کو انکا ورثہ دار قرار دیتے ہوئے انکی وفات پر پیغام جاری کیا ہے۔

ایکنا نیوز کے مطابق ممتاز مصری قاری احمد احمد نعینع نے معروف قاری شیخ مصطفی اسماعیل کے صاحبزادے انجینئر عاطف مصطفی اسماعیل کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پیغام میں کہا ہے:

"گہرے دکھ اور اس یقین کے ساتھ کہ یہ سب اللہ تعالیٰ کی مشیت و تقدیر ہے، میں پوری امت مسلمہ، قرآن کریم کے محبین اور تلاوتِ قرآن سے محبت رکھنے والوں کو اپنے عزیز بھائی اور دوست، انجینئر عاطف مصطفی اسماعیل، جو میرے استاد شیخ مصطفی اسماعیلؒ کے فرزند تھے، کے انتقال کی اطلاع دیتا ہوں۔ وہ کل شام انتقال کر گئے اور اپنے پیچھے ان تمام لوگوں کے دلوں میں ایک نیک نام اور محبوب مقام چھوڑ گئے جنہوں نے انہیں جانا یا ان کے قریب رہے۔"

قاری نعینع نے مزید کہا: "انجینئر عاطف نہایت پرسکون، فکری انسان، اپنے والد کی یاد میں وفادار اور ان کے عظیم ورثے کی حفاظت کے لیے پرعزم تھے۔ وہ قرآن سے محبت کرنے والوں سے محبت کرتے، قاریانِ قرآن کے قریب رہتے اور ان کی صحبت سے لذت حاصل کرتے۔"

ان کا کہنا تھا: "میں نے کئی برس ان کے ساتھ گزارے۔ وہ میرے لیے ایک فیاض بھائی، ایک سچا دوست اور ایک مہربان ساتھی تھے۔ ہم بہت سے مواقع پر اکٹھے رہے۔ ہر ملاقات میں میں نے ان میں وقار، وفاداری، عاجزی اور اپنے والد کے نام کو محبت اور فخر کے ساتھ زندہ رکھنے کی لگن دیکھی۔ ان کی وفات میرے لیے ایک بھائی، دوست اور عزیز کے بچھڑنے جیسا صدمہ ہے۔ قرآن کا سماج ایک ایسا چہرہ کھو بیٹھا ہے جو دیانت داری اور مصری تلاوت کے خالص مکتب سے وفاداری کا مظہر تھا۔"

نعینع نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "اگرچہ ان کے بچھڑنے کا غم میرے دل میں ہے، لیکن میں ان کے جنازے میں شریک نہ ہو سکا اور اس مشکل لمحے میں ان کے اہل خانہ کے ساتھ موجود نہ رہ سکا کیونکہ میں اس وقت برطانیہ کے ایک طے شدہ قرآنی سفر پر ہوں۔ اگر مصر میں ہوتا تو جنازے میں شریک ہونے والا پہلا فرد ہوتا اور ان کے معزز خاندان کے ساتھ کھڑا ہوتا۔"

آخر میں انہوں نے کہا: "میں ان کے معزز اہل خانہ، شیخ مصطفی اسماعیل کے تمام خاندان اور ان کے عقیدت مندوں کو مصر اور عالم اسلام میں دلی تعزیت پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ انجینئر عاطف پر رحم فرمائے، انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور ان کے اہل خانہ، رشتہ داروں اور عقیدت مندوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔"

انا للہ و انا الیہ راجعون

قابلِ ذکر ہے کہ عاطف مصطفی اسماعیل، عظیم قاری شیخ مصطفی اسماعیل کے بڑے بیٹے تھے، جنہوں نے پیر کے روز (5 خرداد مطابق 26 مئی) وفات پائی۔ عاطف کو "والد کے ورثے کو جمع کرنے والا" اور "شیخ مصطفی اسماعیل کی تلاوتوں کا سب سے بڑا سامع" کہا جاتا تھا۔ ان کی تدفین ان کے آبائی گاؤں میت غزال میں ان کے خاندانی مقبرے میں کی گئی۔

مصری وزیر اوقاف اسامہ الازہری نے بھی ایک پیغام میں ان کے انتقال پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا:

"اللہ کی مشیت پر ایمان رکھنے والے دل کے ساتھ، میں ایک عظیم قاری کے بیٹے، اور قرآن کریم کی سنہری آوازوں کے وارث کی وفات پر تعزیت پیش کرتا ہوں۔/

 

4285208

نظرات بینندگان
captcha