ایکنا نیوز- المنار نیوز کے مطابق حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم امریکہ کے وحشیانہ اور غدارانہ حملے کو ایران کی پرامن جوہری تنصیبات پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اسے امریکہ کے اس حقیقی چہرے کی نمائندگی سمجھتے ہیں جو علاقائی و عالمی امن و استحکام کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے: اسلامی جمہوریہ ایران کی پرامن جوہری تنصیبات پر امریکہ کا یہ وحشیانہ حملہ بین الاقوامی و انسانی قوانین، جنیوا کنونشنز اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہے، جو کسی خودمختار ملک کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے اور اس کے خلاف طاقت کے استعمال کو ممنوع قرار دیتا ہے۔ یہ ایک خطرناک، غیرذمہ دارانہ اور ناپسندیدہ اقدام ہے، جو اگر روکا نہ گیا اور اس کے خلاف مؤثر اقدام نہ کیا گیا تو جنگ کا دائرہ وسیع ہو جائے گا اور خطے اور دنیا کو ایک غیر یقینی صورتحال کی طرف دھکیل دے گا۔"
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کھلی فریب کاری اور ایک آزاد خودمختار ملک پر حملہ، اس کی پرامن جوہری تنصیبات پر بمباری جو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی نگرانی میں تھیں، اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ عالمی استکبار کے ظالموں کے ساتھ کھڑا ہے، جو آزاد و خودمختار اقوام کو دو ہی راستوں میں سے ایک چننے پر مجبور کرنا چاہتے ہیں: یا تو غلامی و ذلت قبول کر لیں یا پھر قتل و تباہی کو گلے لگائیں۔
حزب اللہ نے مزید کہا: یہ حملہ اس بات کی واضح علامت ہے کہ امریکہ اور صہیونی ریاست نہ صرف ایران بلکہ خطے کی تمام جنگوں اور جرائم — جیسے کہ غزہ، لبنان، شام اور یمن — میں مکمل طور پر شریک اور براہِ راست ذمہ دار ہیں۔ یہ دنیا کے سامنے ثابت کرتا ہے کہ امریکہ دہشت گردی کا سرکاری سرپرست ہے جو بین الاقوامی قوانین، انسانی اصولوں اور کسی بھی بین الاقوامی عہد و پیمان کو تسلیم نہیں کرتا۔"
بیان کے اختتام پر حزب اللہ نے تاکید کی کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ سے خطے اور دنیا کے امن و استحکام کا حامی رہا ہے۔ ایران نے بارہا اپنے جوہری پروگرام کی پرامن نوعیت اور بحرانوں کے حل کے لیے سفارت کاری کے راستے کو اپنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، بشرطیکہ اس کی خودمختاری اور قانونی حقوق — جو بین الاقوامی قوانین سے تسلیم شدہ ہیں — محفوظ رہیں۔
حزب اللہ نے آخر میں کہا ہے کہ ایران کو اس مجرمانہ جارحیت کے بعد مکمل حق حاصل ہے کہ وہ اپنی سرزمین، اپنے عوام اور اپنی حاکمیت کے دفاع میں رد عمل ظاہر کریں۔/
4290219