ایکنا نیوز- شفقنا- خطرناک دہشت گرد اکرم لاہوری کے ڈیتھ وارنٹ کوٹ لکھپت جیل انتظامیہ کو موصول ہوگئے ہیں۔ جس کے بعد کوٹ لکھپت جیل انتظامیہ نے اکرم لاہوری کو 8 جنوری جمعرات کے روز صبح نماز فجر کے بعد پھانسی دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق پھانسی کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ جیل انتظامیہ نے اکرم لاہوری کے لواحقین کو بھی آخری ملاقات کرنے کے لئے اطلاع کر دی ہے۔ کل کوٹ لکھپت کی سنٹرل جیل میں لواحقین کی اکرم لاہور کیساتھ آخری ملاقات کرائی جائے گی۔ 10 دسمبر 2014ء کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 2002ء میں مسجد پر حملہ کرکے چودہ شیعہ نمازیوں کو شہید کرنے کے جرم میں چار افراد کو سزائے موت سنائی تھی۔ راولپنڈی کے علاقے خیابان سر سید میں واقع ’’شاہ نجف مسجد‘‘ میں مغرب کے وقت نمازیوں پر حملہ کیا گیا تھا، جس میں بارہ افراد موقع پر شہید اور چودہ زخمی ہوگئے تھے، زخمیوں میں دو افراد بعد میں دم توڑ گئے تھے۔