ایکنا نیوز- پریس نوٹ - عید گاہ بالمرائی سکندرآباد میں حضرت شیخ الاسلام انٹرنیشنل کانفرنس کی مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے صدارت کی۔لندن سے مولانا مفتی فروغ القادری اور فیض آباد یوپی سے مولانا مفتی کمال اختر نے بحیثیت مہمانانِ خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔ مولانا مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی نے افتتاحی خطاب کیا۔ مولانا مفتی خلیل احمد نے کہا کہ موجودہ زمانہ سائنسی ایجادات و اختراعات کا زمانہ ہے۔ ہرآنے والے دن میں نئی سائنسی ایجاد ہمارے سامنے ہے ان حالات میں بالخصوص علماء کو چاہئے کہ وہ حالات پر گہری نظر رکھتے ہوئے اسلام کی صداقت و حقانیت کو دنیا کے سامنے آشکار کریں۔ حضرت شیخ الجامعہ نے کہا حضرت بانی جامعہ نظامیہ اپنے وقت کے عظیم مصلح تھے آپ نے ملک و ملت کی بے نظیر خدمت انجام دی ۔۔ مولانا مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی نے کہا حضرت شیخ الاسلام نے عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سوغات کو عام کیا اور مسلمانوں کی ترقی کے زمانہ میں دینی امور میں جو خرابیاں آگئی تھیں ان کا ازالہ فرمایا۔ آپ کی شخصیت کا یہ ایسا پہلو ہے جس سے علماء کی نئی نسل کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے عظیم الشان جلسہ کے انعقاد پر ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا اور دعاکی۔ شاہ محمد فصیح الدین نظامی مہتمم کتب خانہ جامعہ نظامیہ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اس موقع پر جامعہ کے ملحقہ مدارس کے صدور المدرسین اور منتخب شخصیات کو بدست حضرت مفکر اسلام شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ ’’شیخ الاسلام ایوارڈ‘‘ عطا کیا گیا۔