ایکنانیوز- ابنا۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر، جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ یمن کے خلاف مسلط کردہ جنگ میں سعودی عرب کو شکست ہوگی اور وہ اپنے اہداف حاصل نہیں کرسکے گا-
رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل حسین سلامی نے اتوار کے روز شہر قم میں یمن کے عوام کی حمایت میں شہر کے علمی مرکز کے اساتذہ کے اجلاس سے خطاب کیا- انھوں نے کہا کہ یمن کی جنگ ایک ایسی جنگ ہے جس سے سعودی عرب کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ جنرل سلامی نے کہا کہ یمن پر سعودی عرب کے حملوں کے آغاز میں اس ملک کے صرف تیس فیصد علاقوں پر تحریک انصاراللہ کا کنٹرول تھا لیکن آج یمن کے اسّی فیصد علاقوں پر عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کا کنٹرول ہے۔ انھوں نے کہا کہ مظلوموں کی حمایت اور انہیں انصاف دلانا ایرانی قوم کی بنیادی پالیسی ہے اور ایرانی قوم اپنے اسی موقف پر ہمیشہ ڈٹی رہے گی۔