عراقی فوج فلوجہ اور الرمادی میں داخل ہو گئی

IQNA

عراقی فوج فلوجہ اور الرمادی میں داخل ہو گئی

13:56 - July 14, 2015
خبر کا کوڈ: 3328078
بین الاقوامی گروپ:عراقی فوج نے فلوجہ کے مضافات میں واقع المعامل، الشیحہ اور پل البوعرب سے دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔ خصوصی سیکورٹی دستے صوبہ الانبار کے صدر مقام الرمادی میں داخل ہو گئے

ایکنا نیوز- ایران ریڈیو-عراق کی عوامی رضاکار فورس کی کمان نے اعلان کیا ہے کہ فوج اور عوامی رضاکار فورس نے پیر کے روز بھی فلوجہ کی جانب پیش قدمی جاری رکھی۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ عراقی فوج نے فلوجہ کے مضافات میں واقع الشیحہ، المعامل اور البو عرب کے اسٹریٹیجک پل پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ موصولہ رپورٹوں کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں داعش سے وابستہ دہشت گرد عناصر میں خلفشار پیدا ہو گیا ہے۔ تکفیری گروہ کے سرغنے دہشت گردوں کو جمع کرنے کے لئے فلوجہ شہر کی مسجدوں سے مسلسل اعلان کر رہے ہیں کہ ان عناصر کو فوری طور پر موت کی سزا سنائی جائے گی جو عراقی فوج کا مقابلہ کرنے سے گریز کریں گے۔ دوسری جانب عراقی فوج کی اعلی کمان نے اعلان کیا ہے کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے والی خصوصی فورس اور البو فہد قبیلے کے تعاون سے صوبہ الانبار کے صدر مقام الرمادی کے متعدد اہم علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کی کاروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل اس فورس نے الرمادی کے اولمپک کامپلیکس علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کر دیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ اہل سنت کے سیاسی گروہوں نے صوبہ الانبار سے دہشت گردوں کا مکمل طور پر صفایا کئے جانے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ عراق کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اسامہ النجیفی کی قیادت میں اہل سنت فورس نے ایک بیان جاری کر کے مرکزی حکومت کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس بیان میں فلوجہ کے قبیلوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے مرکزی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ یاد رہے کہ صوبہ الانبار سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کاروائی شروع ہو چکی ہے۔ اس کاروائی کا فرمان عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے جاری کیا تھا۔ رپورٹوں کے مطابق اہل سنت کے سیاسی گروہوں نے پہلی بار براہ راست اس فوجی آپریشن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس کاروائی میں عراق کے دس ہزار فوجی اہل کار اور عوامی رضاکار حصہ لے رہے ہیں۔

72452

نظرات بینندگان
captcha