IQNA

8:47 - February 15, 2020
خبر کا کوڈ: 3507242
بین الاقوامی گروپ- پولیس نے سیاستدانوں، پناہ کے خواہشمند اور مسلمانوں پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے انتہائی دائیں بازو کے گروپ کے خلاف ملک بھر میں جاری تفتیش کے نتیجے میں اپنے افسران سمیت 12 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کی رپورٹ میں وزارت داخلہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ گرفتاریاں جرمن ریاستوں میں 13 مقامات پر مسلح اسپیشل یونٹس کی جانب سے چھاپوں کے نتیجے میں عمل میں آئیں۔

فیڈرل پراسیکیوٹر کے جاری کردہ بیان کے مطابق گرفتار افراد میں ’4 مرکزی ملزمان اب تک غیر واضح طور پر سیاستدانوں، پناہ کے طلبگار اور مسلمان کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد پر حملے کر کے خانہ جنگی جیسی صورتحال پیدا کرنا چاہتے تھے‘۔

بیان کے مطابق دیگر 8 ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ’گروپ کی مالی معاونت کرنے، ہتھیار فراہم کرنے اور مستقبل میں ہونے والے حملوں میں شمولیت اختیار کرنے پر اتفاق کیا تھا‘۔

اس ضمن میں وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا تھا کہ 12 افراد میں شامل ایک پولیس افسر انتہائی دائیں بازو کے گروپ سے تعلق کے الزام میں پہلے معطل ہوچکا ہے، تاہم یہ بات واضح نہیں کہ وہ مرکزی ملزمان میں شامل ہے کہ نہیں۔

تفتیش کاروں کو یقین ہے کہ ستمبر 2019 میں اپنے قیام کے بعد سے اس گروپ کا مقصد ’ریاست اور جرمنی کے سماجی نظام کو تہہ و بالا کرنا اور آخر میں اسے ختم کرنا تھا‘۔

ان حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے لیے گروپ مبینہ طور پر باقاعدہ ملاقاتیں کرتا تھا جس کا انتظام اور تعاون وارنر ایس اور ٹونی ای نامی 2 مرکزی ملزمان کرتے تھے۔

مذکورہ تمام ملزمان جرمن شہری ہیں جو میسینجر ایپلیکیشن کے ذریعے رابطے کرتے تھے۔

تفتیش کاروں نے اس بات کا تعین کرنے کے لیے جمعے کو چھاپے مار کارروائیاں کیں کہ کہیں ملزمان پہلے ہی ہتھیار تو حاصل نہیں کرچکے جنہیں حملوں میں استعمال کیا جائے۔

گرفتار کیے گئے تمام 12 ملزمان کو جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں ان کے ریمانڈ یا جیل بھیجنے کا فیصلہ ہوگا۔

خیال رہے کہ جرمن حکام نے گزشتہ برس جون میں قدامت پسند مقامی سیاستدان کے قتل اور ایسٹرن سٹی ہال میں ایک یہودی عبادت گاہ پر حملے کے بعد ملک میں انڈر گراؤنڈ دائیں بازو کے انتہا پسندوں پر توجہ میں اضافہ کردیا تھا۔

مذکورہ بالا دونوں واقعات میں گرفتار ہونے والے ملزمان انتہائی دایئں بازو سے تعلق رکھتے تھے۔

نام:
ایمیل:
* رایے: