مجلس وحدت کے زیراہتمام متنازعہ یکساں قومی نصاب اور امریکہ کیخلاف احتجاجی ریلی

IQNA

مجلس وحدت کے زیراہتمام متنازعہ یکساں قومی نصاب اور امریکہ کیخلاف احتجاجی ریلی

8:54 - April 03, 2022
خبر کا کوڈ: 3511606
پاکستان ایک خود مختار ریاست ہے، ہمارے داخلی و خارجی معاملات میں مداخلت بدترین جارحیت ہے، ہمیں امریکہ کے سفیر کو ملک سے بے دخل کرنے میں دیر نہیں کرنی چاہیئے۔ مقررین

ایکنا نیوز کے مطابق مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کی کال پر جمعہ کے روز امریکہ کے خلاف اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ شرکاء نے امریکہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور امریکی پرچم نذرِ آتش کیے گئے۔ ملتان میں امام بارگاہ ابوالفضل العباس سے چوک کمہاراں تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ قاضی نادر حسین علوی، سیکرٹری جنرل ملتان وسیم عباس معصومی، انجینیئر سخاوت علی، مرزا وجاہت علی اور حسنین انصاری کر رہے تھے۔ علامہ قاضی نادر علوی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خود مختاری ہمیں اپنی جان سے بڑھ کر عزیز ہے، جن حکمرانوں نے اپنے اقتدار کی بقاء کے لیے ملکی سلامتی کو داو پر لگایا، وہ پوری قوم کے مجرم ہیں۔

 

مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف جو بھی آواز اٹھے گی، ہم اس کی بھرپور مخالفت کریں گے۔ تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ امریکہ صرف اپنے مفادات کا یار ہے۔ جو طاقتیں امریکہ کو اپنے اقتدار کی بقاء کا ضامن سمجھتی رہیں، انہیں امریکہ کے ہاتھوں ہی ذلت و رسوائی اٹھانا پڑی۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ریاست ہے، ہمارے داخلی و خارجی معاملات میں مداخلت بدترین جارحیت ہے، ہمیں امریکہ کے سفیر کو ملک سے بے دخل کرنے میں دیر نہیں کرنی چاہیئے۔ امریکہ سے تعلقات کے بدلے ہمیں ستر ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دینا پڑی ہے، پاکستان کے امن و امان کی تباہی اور معاشی و اقتصادی بدحالی کی تمام تر ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔

 

مولانا وسیم عباس معصومی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی غیرت و حمیت کا یہ تقاضا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی طرف سے باہمی اختلافات کو نظر انداز کرکے امریکی سازشوں کے خلاف یکساں اور ٹھوس موقف اختیار کیا جائے۔ ملکی خودمختاری پر کسی کو طاقت کے بل بوتے پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ریلی کے اختتام پر امریکہ اور اسرائیل کے پرچم نذر آتش کیے گئے۔ ریلی میں مولانا ہادی حسین ہادی، مولانا غلام جعفر انصاری، غلام اصغر سومرو، محمد رضا مومن اور دیگر موجود تھے۔

نظرات بینندگان
captcha