دنیا کی مضبوط شہنشاہی سلطنت کو گولی چلائے بغیر زمین بوس کرنے والا عارف

IQNA

دنیا کی مضبوط شہنشاہی سلطنت کو گولی چلائے بغیر زمین بوس کرنے والا عارف

8:19 - June 05, 2022
خبر کا کوڈ: 3511998
اگر آپ مابعدِ حضورِ معصوم کی گذشتہ گیارہ صدیوں میں کوئی ایسا شخص ڈھونڈنا چاہیں جس نے مشرقی و مغربی طاغوتوں کی ناک زمین پر رگڑی ہو تو بلاشک امام خمینی کا نام آپ کو ملے گا۔

ایکنا نیوز- تصویر میں نظر آنے والی شخصیت بیسویں صدی کا وہ عظیم یکتا پرست انسان ہے جس کی "اللہ اکبر" کی گونج پوری دنیا میں سنائی دیتی۔

اس نے اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے قیام کے لئے کامیاب جِہدوجُہد کی اور اِس نظام کے پہلے باب کی پہلے شِق سے لے کر آخری باب کی آخری  شق تک، کو نافذ کرنے کے لئے خود کو وقف کیے رکھا۔

بیسویں صدی کے دوسرے نصف کے بیشتر حصے میں دین، تشیع، اسلامی نظام، انقلاب، ایران اور روح اللہ خمینی عالمی نشریات کا پسندیدہ موضوع ہوا کرتے تھے۔

1979 میں ایران کے اسلامی انقلاب کے بانی آیت اللہ العظمی روح اللہ الموسوی الخمینی قدس سرہ المعروف امام خمینی خِلْقت میں "لَقَدۡ خَلَقۡنَا الۡاِنۡسَانَ فِیۡۤ اَحۡسَنِ تَقۡوِیۡمٍ¹" کا عظیم شاہکار، استقامت میں "اِنَّ الَّذِیۡنَ قَالُوۡا رَبُّنَا اللّٰہُ ثُمَّ اسۡتَقَامُوۡا  فَلَا خَوۡفٌ عَلَیۡہِمۡ وَ لَا ہُمۡ یَحۡزَنُوۡنَ²" کی مجسم تفسیر اور سیرت میں "وَ مَاۤ اٰتٰکُمُ الرَّسُوۡلُ فَخُذُوۡہُ ٭ وَ مَا نَہٰکُمۡ عَنۡہُ فَانۡتَہُوۡا ³" کا عملی نمونہ تھے۔

جس طرح ان کی تخلیق کا خمیر توحیدی تھا اسی طرح ان کی تحریر و تقریر، رفتار و کردار اور اَنظار و اَفکار کا مرکز بھی توحید ہی تھا۔

امام خمینی کے بارے ميں بس یہ جان لیجیے کہ وہ

ایسے عالم جس کے علم کا پہلا اصول توحید،

ایسے فقیہ جس کی فقہ کا محور توحید۔

ایسے عارف جس کی نگاہ میں توحید کے سوا سب کچھ سراب۔

ایسے فیلسوف جس کی نظر میں ہر موجود کی موجودیت، ہر نور کی نورانیت اور ہر حق کی حقانیت توحید سے جڑی ہے۔

ایسے سیاستدان، جس کی سیاست اپنی توحیدی ذمہ داری انجام دینے کے گرد گھومتی۔

ایسے حکمران جس کی حکومت کا ہر قانون توحیدی۔

اگر آپ مابعدِ حضورِ معصوم کی گذشتہ گیارہ صدیوں میں کوئی ایسا شخص ڈھونڈنا چاہیں جس نے مشرقی و مغربی طاغوتوں کی ناک زمین پر رگڑی ہو، جو عالمی سامراج سے ٹکرایا ہو، جس نے ایک گولی فائر کیے بغیر اڑھائی ہزار سالہ طاقتور شہنشاہیت کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکا ہو، جس نے اسلام کو تازہ پہچان دی ہو اور جس کی سیاست دنيا سے مختلف ہو، تو وہ آپ کو صرف روح اللہ خمینی ہی ملیں گے۔

وہ صرف خدا کے سامنے جھکتے تھے اسی لئے کسی اور کے سامنے نہیں جھکے۔

جب وہ فاتح بن کر آئے تو عام فاتحین کی طرح یہ نہیں کہا کہ میں نے یہ کیا اور میں نے وہ کیا۔۔۔۔ بلکہ اپنی ساری کامیابیوں، ساری کامرانیوں اور ساری فتوحات کو صرف اس ایک جملے ميں بند کر دیا:

"میں نے تو بس اپنا وظیفہ انجام دیا ہے"

اس جملے کی گہرائی توحیدی مزاج لوگ ہی سمجھ سکتے ہیں۔

جو عوامی مقبولیت ان کو ملی وہ کم ہی لوگوں کے نصیب  میں آتی ہے۔ اس بات کو سمجھنے کے  لئے دو دنوں کا مشاہدہ ہی کافی ہے: ایک وہ دن جب وہ فاتح کی حیثیت سے ایران میں داخل ہوئے اور دوسرا وہ دن جب وہ دنیا سے رخصت ہوئے۔

 

مت سھل ہمیں جانو پھرتا ہے فلک برسوں

تب خاک کے پردے سے انسان نکلتا ہے

عاش سعیدا و مات سعیدا

_____

1۔ بتحقیق ہم نے انسان کو بہترین اعتدال میں پیدا کیا۔ (التین، آیت 4)

2۔ جنہوں نے کہا: ہمارا رب اللہ ہے پھر استقامت دکھائی، ان کے لیے یقینا نہ کوئی خوف ہے اور نہ ہی وہ غمگین ہوں گے۔ (الاحقاب، آیت 13)

3۔ اور رسول جو تمہیں دے دیں وہ لے لو اور جس سے روک دیں اس سے رک جاؤ۔ (الحشر، آیت، 7 

نظرات بینندگان
captcha