بنگلہ دیش کی حلال مصنوعات کی عالمی مارکیٹ میں داخلے کی نئی حکمت عملی

IQNA

بنگلہ دیش کی حلال مصنوعات کی عالمی مارکیٹ میں داخلے کی نئی حکمت عملی

5:43 - July 28, 2025
خبر کا کوڈ: 3518879
ایکنا: بنگلہ دیش کی حکومت نے مشرق وسطیٰ اور جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کو اپنی برآمدات بڑھانے کے مقصد سے بین الاقوامی معیار اور حلال مصنوعات کی تیاری میں اضافہ کے لیے نئی پالیسی وضع کی ہے۔

ایکنا نیوز، risingbd نیوز سائٹ نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ تقریباً ایک کروڑ بنگلہ دیشی شہری خلیجی ممالک — سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، عمان، کویت — کے علاوہ ملائیشیا اور سنگاپور میں مقیم ہیں، جو بنگلہ دیشی حلال مصنوعات کے بنیادی صارفین بن سکتے ہیں۔

بنگلہ دیش کے نجی شعبے کے حکام کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ، ملائیشیا، انڈونیشیا، سنگاپور اور بھارت جیسے غیر مسلم ممالک نے عالمی حلال مارکیٹ میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور بنگلہ دیش کو بھی اس وسیع منڈی میں اپنا حصہ پانے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔

تخمینے کے مطابق، حلال مصنوعات اور خدمات کی عالمی مارکیٹ — جس میں خوراک، ادویات، کاسمیٹکس اور سیاحت شامل ہیں اور جو اسلامی شریعت کے مطابق ہیں — سال 2025 تک 7.7 ٹریلین ڈالر کی قدر تک پہنچ سکتی ہے، اور 2030 تک یہ 10 ٹریلین ڈالر تک بڑھنے کا امکان ہے۔

بنگلہ دیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے حلال مصنوعات کی عالمی مارکیٹ میں داخلے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔ کچھ درآمدی ممالک نے بنگلہ دیش سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیداوار سے لے کر برآمدات تک حلال عمل کو مکمل طور پر یقینی بنائے۔

گزشتہ دسمبر میں، بنگلہ دیش اسلامی فاؤنڈیشن، ملائیشیا کے نمائندوں اور اسلامی ترقیاتی بینک نے ایک اجلاس منعقد کیا، جس میں بنگلہ دیش میں حلال ماحولیاتی نظام (Ecosystem) کے قیام کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

اسی سلسلے میں، سعودی عرب نے بنگلہ دیش سے کہا ہے کہ وہ مصنوعات کی تیاری، پیکنگ اور برآمد کے تمام مراحل میں جامع معیار (اسٹینڈرڈ) کو یقینی بنائے تاکہ وہ نہ صرف اپنی موجودہ حیثیت برقرار رکھ سکے بلکہ عالمی حلال مارکیٹ میں اپنا دائرہ کار بھی وسیع کر سکے۔

حلال مارکیٹ دنیا بھر کے 1.9 ارب مسلمانوں کی ضروریات پوری کرتی ہے، جو دنیا کی کل آبادی کا 25 فیصد ہیں، اور اندازہ ہے کہ 2050 تک ان کی تعداد 2.76 ارب تک پہنچ جائے گی۔/

 

4296529

نظرات بینندگان
captcha