ملایشیاء حلال ہوٹلوں میں کرسمس تقریبات کی اجازت

IQNA

ملایشیاء حلال ہوٹلوں میں کرسمس تقریبات کی اجازت

5:38 - December 23, 2025
خبر کا کوڈ: 3519691
ایکنا: ملائیشیا کے وزیرِ مذہبی امورِ نے اعلان کیا ہے کہ اُن مقامات پر جہاں حلال غذا فراہم کی جاتی ہے، کرسمس کی سجاوٹ لگانا جائز ہے۔

ایکنا نیوز،  ایس سی ایم پی نیوز کے مطابق ملائیشیاء کے وزیرِ امورِ دینی ذوالکفلی حسن نے کہا کہ جہاں حلال کھانا پیش کیا جاتا ہے وہاں کرسمس سے متعلق سجاوٹ یا تصاویر کی نمائش کی اجازت ہے۔

اُن کے مطابق ملائیشیا میں حلال سرٹیفکیٹ رکھنے والے ہوٹلوں اور خوراک فروخت کرنے والے مراکز کو کرسمس کی سجاوٹ لگانے کی اجازت ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ حلال سرٹیفکیٹ رکھنے والوں کے لیے اسلام کے علاوہ دیگر مذاہب کے تہواروں سے متعلق سجاوٹ کی نمائش پر کوئی پابندی نہیں ہے، بشرطیکہ حلال کے معیار پر عمل کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مؤقف اس فیصلے کے مطابق ہے جو 2023 میں ملائیشیاء کی وزارتِ اسلامی ترقی (جاکیم) نے کیا تھا، جس میں واضح کیا گیا تھا کہ ملائیشیا حلال سرٹیفکیٹ (SPHM) رکھنے والوں کو غیر اسلامی مذہبی تہواروں سے متعلق تصاویر یا سجاوٹ استعمال کرنے سے نہیں روکا جائے گا۔

ذوالکفلی نے کہا کہ ثقافتی اور مذہبی تنوع کا باہمی احترام ملائیشیا کے کثیر النسلی معاشرے کی نمایاں خصوصیات میں سے ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نسلی اور مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچائے بغیر موجودہ حلال معیارات پر عمل درآمد کو ہم ضروری سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاستی مذہبی حکام، جاکیم اور صنعت سے وابستہ افراد کے درمیان قریبی تعاون نہایت اہم ہے تاکہ حلال پالیسیوں اور رہنما اصولوں پر محتاط انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے، جس سے مسلمانوں کے مفادات اور مجموعی سماجی ہم آہنگی دونوں محفوظ رہیں۔

ذوالکفلی نے مزید کہا کہ ملاکا کے ہوٹلوں میں، جن میں لابی اور عوامی مقامات شامل ہیں، سجاوٹ پر کوئی پابندی نہیں ہے، اور ہوٹلوں کی انتظامیہ اپنی عمارت کے اُن حصوں کو سجا سکتی ہے جن کے پاس حلال سرٹیفکیٹ موجود نہیں ہے۔/

 

4324105

نظرات بینندگان
captcha