ایکنا نیوز کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے ثقافتی مشاورت کے میڈیا یونٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انڈونیشیا میں ایران کے ثقافتی مشیر یحییٰ جہانگیری نے وزارتِ مذہبی امورِ انڈونیشیا کے مرکزِ ترجمہ و اشاعتِ قرآن کریم میں منعقدہ ٹاک شو "ایران میں تعلیم کیسے حاصل کی جائے؟" سے خطاب کرتے ہوئے قرآنی علوم کے شعبے میں ایران کی تعلیمی، تحقیقی اور ثقافتی استعداد کا تفصیلی تعارف کرایا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں بین الاقوامی قرآن کریم نمائش، جامعہ علوم و معارفِ قرآن کریم، قرآنی علوم سے متعلق مختلف فیکلٹیوں اور جامعات کا تعارف پیش کرتے ہوئے اس شعبے میں تعلیم اور تحقیق کے خواہش مند طلبہ و محققین کے لیے ایران میں موجود علمی مواقع اور سہولیات پر روشنی ڈالی۔
یحییٰ جہانگیری نے حوزہ ہائے علمیہ کے کردار پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے قرآنی تعلیم و تحقیق کے فروغ، نیز قرآن کریم کے محققین اور مفسرین کی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں قرآنی مطالعات سے متعلق تخصصی علمی و تحقیقی جرائد، قرآن کریم کی طباعت، اشاعت اور تراجم کے مراکز، نیز قرآنی ثقافت کے فروغ کے لیے موجود ثقافتی اور فنّی سرگرمیاں بین الاقوامی محققین کے لیے نہایت اہم تحقیقی مواقع فراہم کرتی ہیں۔
اس پروگرام میں ایران، ملائیشیا اور مصر کے نمائندوں نے شرکت کی اور ہر ملک کے وفد نے قرآنی مطالعات، تعلیم اور دینی سرگرمیوں کے میدان میں اپنی علمی صلاحیتوں، نمایاں کامیابیوں اور تعلیمی مواقع سے شرکاء کو آگاہ کیا۔/
4367916