ایکنا نیوز-اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں بروری روڈ سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کے سامنے سے ہزارہ ٹاون میں داخل ہونے والے داخلی راستے پر موجود جرات مند بہادر چوکیدار طالب حسین نے خواتین کے لباس میں ملبوس برقعہ پوش خود کش حملہ آور کو ہزارہ ٹاون میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی اور اسے دبوچا تو حملہ آور نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا۔ جس کے نتیجہ میں بہادر چوکیدار طالب حسین نے جام شہادت نوش کرتے ہوئے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ دے کر خودکش حملہ آور کو ہزارہ ٹاون میں جانے سے روک کر سینکڑوں قیمتی جانوں کو بچایا۔ جس پر پوری قوم اس نڈر و بہادر سپوت اور شجاعت کا پیکر فرض شناس چوکیدار شہید طالب حسین کی اس جرات و بہادری پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہو ئے کہا کہ عوام عدم تحفظ کا شکار ہے۔ پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، آئے روز کے دہشت گردی کے واقعات کا رونما ہونا حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں؟
کوئٹہ میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات فرقہ وارنہ نہیں۔ لیکن ملک میں امن امان کی صورتحال انتہائی افسوس ناک ہے اس لئے کہ دہشت گرد جب اور جہاں چاہتے ہیں بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیل دیتے ہیں۔ دہشتگردی کے مسئلے کا واحد حل ایسے ٹھوس نوعیت کے اقدامات سے ہی ممکن ہے جس سے ملک میں قانون کی حکمرانی ہو اور قانون کی روشنی میں ایسا آپریشن ہو جس سے خود کش حملہ آوروں اور ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کا قلع قمع ہو سکے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ میں بروری روڈ پر ہونے والے واقعہ میں بہادر، فرض شناس چوکیدار شہید طالب حسین کی بلندی درجات اور لواحقین و پسماندگان کو تعزیت و تسلیت و صبر جمیل عطا فرمانے کے لئے دعا فرمائیں اور مکمل آپریشن کا مطالبہ کیا کہ جس سے دہشت گرد وں اوران کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کا قلع قمع ہو سکے۔ اور ملک میں امن امان کا قیام ممکن ہو سکے۔