اسپین: مسلمانوں کامقامی افرادکیلئے ’ اوپن افطار ڈنر‘ کا اہتمام

IQNA

اسپین: مسلمانوں کامقامی افرادکیلئے ’ اوپن افطار ڈنر‘ کا اہتمام

17:33 - May 26, 2018
خبر کا کوڈ: 3504632
بین الاقوامی گروپ: رمضان المبارک میں ہر سال بارسلونا میں مقامی اداروں اور عام لوگوںکے لئے کھلے آسمان کے نیچے ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیا جاتا ہے
 

ایکنا نیوز- جنگ نیوز کے مطابق 90کی دہائی میںا سپین میں غیر ملکیوں کو لیگل کرنے کا کام شروع ہوا جسے امیگریشن اوپن کا نام دیا گیا ، اس اعلان کے سنتے ہی یورپی ممالک میں مقیم بہت سے مسلمان ممالک اور پاکستانیوں سمیت بہت سے مسلمان اسپین آ پہنچے اور امیگریشن کاغذات حاصل کئے ۔

پہلے پہل پاکستان کے نوجوان اسپین آئے لیکن پھر آہستہ آہستہ ان نوجوانوں کے اہل خانہ بھی اسپین آنا شروع ہو گئے جس سے اسپین میں ایک نیا معاشرہ قائم ہوا ۔ا سپین میں پاکستانیوں سمیت دوسرے اسلامی ممالک سے تعلق رکھنے والی مسلمان کمیونٹی کی تعداد میں اضافہ ہوا تو انہیں اپنی عبادت کے لئے مساجد کی ضرورت پیش آئی جس کے لئے مقامی کمیونٹی اور اداروں نے مسلمانوں کی مکمل مدد کی اور مساجد بنانے کی اجازت کے ساتھ ساتھ دوسرے قومی اور مذہبی تہواروں کو منانے کے لئے کھلے میدان بھی مہیا کر دیئے۔

اسی سلسلے کی ایک کڑی رمضان المبارک میں ہر سال بارسلونا میں مقامی اداروں اور عام لوگوںکے لئے کھلے آسمان کے نیچے ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیا جاتا ہے اس افطاری کا اہتمام ادارہ ہم وطن ، منہاج القران انٹرنیشنل اور بارسلونا کارپوریشن مل کر کرتے ہیں ۔

اس رمضان کے آغاز پر اسپین کے مقامی لوگوں کو رمضان المبارک کے بارے میں آگاہی دینے اور اسلام کے بارے میں مثبت تشخص قائم کرنے کیلئے ادارہ ہم وطن اسپین نے ادارہ منہاج القرآن انٹرنیشنل اسپین اور بارسلونا کارپوریشن کے تعاون سے عام لوگوں کیلئے بارسلونا شہر کے مرکز ’’رامبلہ راوال ‘‘ کی شاہراہ پر کھلی جگہ افطار پاپولر کا اہتمام کیا ۔

وسطی ڈسٹرکٹ بارسلونا کی سربراہ محترمہ گالا پن،کتلان مذہبی امور کی ڈپٹی ڈائریکٹر ایزابیل اسکاندل، سوشلسٹ پارٹی کے سینئر راہنما خوسے ماریا سالا، نواحی کارپوریشن اوسپتالیت کے شہری امور کے نمائندہ اتنا تو کاریون، علاقائی باشندوں اور تاجروں کی تنظیم کے صدر ایڈواردو، کتلان اسلامی کونسل اور علاقائی سماجی تنظیم ’’ ٹوٹ راوال ‘‘کے صدر محمد ابوالہلول، منہاج القرآن اسپین کے رہنما محمد اقبال چوہدری، مقامی کیتھولک رہنما پادری جائما فلیکر، پاکسلونا کلچرل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر راجہ شفیق کیانی،حافظ عبدالرزاق صادق، بارسلونا کارپوریشن کی امیگریشن ڈائریکٹر لولی لوپیز اور ہم وطن اسپین کے ڈائریکٹر جاوید مغل نے خطاب کیا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام امن اور محبت کا دین ہے ، ایک دوسرے سے محبت اور بھائی چارہ اسلام کے بنیادی احکامات ہیں ہمیں چاہیئے کہ ہم اسلامی احکامات کے مطابق ایک دوسرے کے مذہب اور اقدار کا احترام کریں۔

مقامی مقررین نے کہا کہ جب ہم دیکھتے ہیں کہ مسلمان ایک ماہ یعنی رمضان المبارک میں ہر روز اٹھارہ سے انیس گھنٹے کچھ کھاتے پیتے نہیں اور اس ماہ میں بغیر کچھ کھائے پئے مزدوری بھی کرتے ہیں تو ہمارے یہ سب کچھ حیران کن ہوتا ہے ، ہم محسوس کر سکتے ہیں کہ مسلمان کس صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

مقامی مقررین کا کہنا تھا کہ اس ملک میں ہم سب ایک ہیں اور ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں ہمیں آج یہاں اس افطاری میں بلا کر مسلمان بھائیوں نے ہمیں جو عزت بخشی ہے ہم اس کے لئے مشکور ہیں اور کہنا چاہتے ہیں کہ ہم یہاں رہنے والے تمام غیر ملکیوں کو اس ملک کا باشندہ سمجھتے ہیں ۔

مقامی کتلان اٹھارٹیز نے اپنی گفتگومیں مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اوپن افطار میں مقامی کمیونٹی اور پاکستانی سیاسی سماجی اور کاروباری احباب کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر الحاج قاری عبدالرحمان نے اسی کھلے میدان میں اذان دی ، اذان اور افطار کے بعد مقامی مہمانوں کی کھجور ، دودھ ، پکوڑوں ، سموسوں اور پاکستانی روایتی کھانوں اور مشروبات سے تواضح کی گئی۔

نظرات بینندگان
captcha