طاروطی: جو کامیابی ملی قرآن کی وجہ سے ملی

IQNA

طاروطی: جو کامیابی ملی قرآن کی وجہ سے ملی

10:18 - October 24, 2025
خبر کا کوڈ: 3519368
ایکنا: مصری قاریِ شیخ عبدالفتاح علی الطاروطی نے کہا ہے کہ ہم جو بھی اعزاز حاصل کرتے ہیں، وہ سب قرآنِ کریم کی برکت سے ہے۔

ایکنا نیوز، نیوز روم نے رپورٹ دی ہے کہ ماسکو میں منعقدہ بین الاقوامی قرآن مقابلوں کی اختتامی تقریب میں روس کے مسلم مذہبی امور کے محکمے نے شیخ عبدالفتاح الطاروطی کو "سال کی نمایاں قرآنی شخصیت" کے طور پر منتخب کیا۔

الطاروطی، جو مصر کے ریڈیو و ٹیلی ویژن کے قاری اور ملکی مراکزِ تلاوت کے نائب سربراہ ہیں، نے کہا کہ وہ روس کے دارالحکومت ماسکو میں بہترین قرآنی شخصیت کے طور پر اعزاز ملنے پر انتہائی فخر محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ یہ اعزاز مصر کے تمام قرآنی خدام کے نام کرتے ہیں، کیونکہ کسی ایک قرآنی شخصیت کو سراہنا دراصل پورے ملک کے قرآنی کارکنان کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

الطاروطی نے بتایا کہ انہیں روس کی مسلم مذہبی کمیٹی کی جانب سے اس مقابلے میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ وہ اس موقع پر امارات کے ممتاز قراء، امام مسجدالحرام اور دیگر مہمانوں کے ساتھ شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ایک قاری نے پہلا مقام حاصل کیا۔

شیخ الطاروطی کے مطابق، روسی کمیٹی نے انہیں بتایا کہ انہوں نے دنیا بھر کی قرآنی شخصیات میں سے "شخصیتِ سال" کے طور پر ان کا انتخاب کیا ہے۔ جب انہوں نے اس انتخاب کی وجہ پوچھی تو بتایا گیا کہ یہ اعزاز انہیں مصر میں تلاوتِ قرآن کے فروغ، ادارہ الطاروطی کے قیام، قاریوں اور مبتهلین (قرآنی نعت خواں) کی تربیت، اور صحیح تجوید و قراءت کے فروغ میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ روس کے مفتی کے جذبات انتہائی خلوص پر مبنی تھے، جن سے اہلِ قرآن کے لیے محبت اور ادارہ الطاروطی کی خدمات کے لیے احترام جھلکتا تھا۔ الطاروطی نے کہا کہ ادارے کے تمام ذمہ داران اپنی اخلاقی، علمی اور تدریسی کاوشوں میں کوئی کمی نہیں چھوڑتے اور اپنا وقت اور مال قرآن کی خدمت کے لیے وقف کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا: قرآنِ کریم تمام نعمتوں کا سرچشمہ ہے۔ ہم جو بھی کامیابی یا اعزاز حاصل کرتے ہیں، وہ قرآن کی بدولت ہے۔ میری دعا ہے کہ میں علم، کردار اور اخلاق میں اہلِ قرآن کے لیے باعثِ عزت اور قرآن کا حقیقی نمائندہ بن سکوں۔

آخر میں، شیخ الطاروطی نے مصر کے وزیرِ اوقاف اسامہ الازہری کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمیشہ قرآن مقابلوں کے منتظمین کی رہنمائی اور معاونت میں بھرپور کردار ادا کیا۔/

 

4312047

نظرات بینندگان
captcha