ایکنا- ڈان نیوز کے مطابق اسلام مخالف نعرے لگانے اور قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے پر ترکیہ نے احتجاجاً سویڈن کے وزیر دفاع کا طے شدہ دورہ منسوخ کردیا ہے۔
ڈنمارک اور سویڈن سے تعلق رکھنے والے انتہائی دائیں بازو کے سیاستدان راسمس پلاوڈن کو سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں قائم ترکیہ کے سفارت خانے کے باہر احتجاجی مظاہروں کا اجازت نامہ جاری کرنے پر ترکیہ کے حکام نے شدید اظہار مذمت کیا۔
انتہائی دائیں بازو کے سیاستدان راسمس پلاوڈن نے اسلام پر شدید تنقید اور گالم گلوچ کرنے کے بعد قرآن پاک کو نذر آتش کیا، انہوں نے مظاہرین سے کہا کہ اگر آپ نہیں سمجھتے کہ آزادی اظہار رائے ہونا چاہیے تو آپ کو کہیں اور رہنا چاہیے۔
راسمس پلوڈان کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی اور اسلام مخالت نعرے لگانے پر ترکیہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سویڈش ہم منصب پال جونسن کا 27 جنوری کو طے شدہ دورہ اب نہیں ہوگا۔
ترکیہ کے وزیر دفاع ہولوسی آکار نے کہا کہ اس ملاقات کی اب کوئی اہمیت نہیں اس لیے ہم نے اس دورے کو منسوخ کردیا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلاموفوبیا کو فروغ دینے کی کارروائی سے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی، مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا اظہار رائے کی آزادی میں نہیں آتا۔
بیان میں کہا گیا کہ انسانی حقوق کے علمبردار نفرت انگیز عمل کی روک تھام کی ذمہ داری نبھائیں اور تشدد پر نہ اکسانے کی ذمہ داری نبھائیں۔