ایکنا نیوز کے مطابق سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اسلام آباد میں ڈنر افطار سے خطاب کرتے ہوئے ایران سعودی تعلقات کو خوشگوار قرار دیا۔
انکا کہنا تھا کہ مشرق دنیا کی طاقت کا مرکز بننے جارہا ہے، چین نے آگے بڑھ کر سعودی عرب اور ایران کے اختلافات میں ثالث بن کر فاصلہ کم کردیا ہے۔ جس سے امریکی مفاد کو شدید ٹھیس پہنچی اور ایران کو تنہا کرنے کی سازش بھی ناکام ہوئی۔
پاکستان ساؤتھ ایشیا کے اہم ممالک میں سے ہے اور بین الاقوامی اور خطے کی تجارت کی اہم گزر گاہ ہے، اسلئے امریکہ پاکستان کو مسلسل عدم استحکام کا شکار رکھنا چاہتا ہے، ہمیں اس وقت غلط خارجہ پالیسی کی وجہ سے دنیا میں تنہا کردیا گیا ہے۔
کوشش کی جارہی ہے کہ پاکستان کا ہر ادارہ بے حیثیت ہوجائے، جس کیلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگایا جارہا ہے۔ پاکستان میں مردار گدھ نما سیاستدانوں نے پنجے گاڑھ رکھے ہیں اور وطن عزیز کو تباہی کی دلدل میں لے جارہے ہیں۔
عوام کی غالب اکثریت نے رجیم چینج کو مسترد کردیا ہے۔ رجیم چینج سے جو بحران جنم لے چکا ہے، اس کا حل صرف صاف اور شفاف الیکشن ہے۔ آئین اور قانون کی بالادستی سے ہی وطن کی ناموس اور ہماری جان مال کا تحفظ ہوسکے گا۔