ایکنا کی رپورٹ کے مطابق، رادار 2 سے منقول خبر میں کہا گیا ہے کہ مصر کے اسلامی مرکز الازہر نے اپنے پیغام میں لکھا: ایک سال قبل فلسطینی عوام دشمن کے وحشیانہ حملوں سے متاثر ہوئے، جنہوں نے ان کے مال و جان کو نقصان پہنچایا، معصوم بچوں اور بے گناہوں کو قتل کیا۔ اب نیا سال شروع ہو چکا ہے۔
الازہر نے اپنے پیغام میں مزید کہا: "اے اللہ! غزہ کے باشندوں کے لیے نیا سال خیر و رحمت سے بھرپور بنا دے، صہیونی دہشت گردوں کے خلاف ان کو کامیابی عطا فرما، اور غزہ کے مظلوم عوام کو نصرت بخش۔ یہ جنگ زدہ، بے لباس اور بھوکے لوگ تیری پناہ کے طلب گار ہیں۔ نیا سال غزہ کے لوگوں، فلسطینی عوام اور دیگر ممالک کے لیے خیر و برکت، اور امن و آشتی سے بھرپور بنا دے۔"
یہ دعا نئے عیسوی سال، یکم جنوری (12 دی) کے آغاز پر کی گئی، جب دنیا بھر کے لاکھوں افراد یہ امید کر رہے ہیں کہ سال 2025 خیر و کامیابی کا سال ہو۔ عیسوی سال کے آغاز کے ساتھ ہی 1446 ہجری قمری کا ماہِ رجب بھی شروع ہوگا، جو اسلامی مہینوں میں سے ایک حرمت والا مہینہ ہے اور اس میں دعائیں زیادہ قبول ہوتی ہیں۔
مقامی ذرائع نے آج بدھ کی صبح، سال 2025 کے پہلے گھنٹوں میں، شمال سے جنوب تک غزہ کی پٹی پر صہیونی رژیم کے مجرمانہ حملوں کی اطلاع دی۔ رپورٹ کے مطابق، قابض اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں فلسطینی عوام کے رہائشی مکانات کو تباہ کرنے کے لیے کارروائیاں کیں۔/
4257431