ایکنا نیوز، الخلیج نیوز کے مطابق ، دبئی انٹرنیشنل قرآن ایوارڈ کی بین الاقوامی قرآن مسابقہ کمیٹی، جو کہ دبئی کے اسلامی امور اور فلاحی سرگرمیوں کے ادارے سے وابستہ ہے، نے اعلان کیا ہے کہ سال 2025 (1446 ہجری قمری) کا قرآن کریم مقابلہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ مقابلے کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور اس کے ترقیاتی اہداف کو اعلیٰ ترین معیار کے ساتھ مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کرتا ہے۔
احمد درویش المہیری، دبئی اسلامی امور اور فلاحی سرگرمیوں کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل اور دبئی انٹرنیشنل قرآن ایوارڈ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے صدر نے وضاحت کی کہ یہ تاخیر گہرے مطالعے کے بعد کی گئی ہے تاکہ مقابلے کے انتظامی طریقہ کار کو مزید ترقی دی جا سکے اور اسے عالمی سطح پر قرآن حفظ کرنے والوں کے لیے ایک مثالی مقابلہ بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقابلے کے تمام فنی اور تنظیمی پہلوؤں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا، بشمول:
ججز کے معیارات
رجسٹریشن کا عمل
شرکاء کی تجاویز کا جائزہ
اس تاخیر کا مقصد مقابلے کے لیے ایک مثالی، منصفانہ، اور حوصلہ افزا ماحول پیدا کرنا ہے۔
المہیری نے آخر میں کہا کہ آئندہ مقابلے کی تفصیلات مناسب وقت پر سرکاری ذرائع سے اعلان کی جائیں گی۔
قابل ذکر ہے کہ دبئی انٹرنیشنل قرآن ایوارڈ کا بین الاقوامی قرآن مقابلہ اسلامی دنیا کے نمایاں ترین قرآنی مقابلوں میں شمار ہوتا ہے، جو ہر سال رمضان المبارک میں عرب اور اسلامی ممالک کے نمائندوں کی شرکت کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوتا ہے۔/
4264032