ایکناء نیوز- سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب نے ۱۴ ممالک کے شہریوں کے لیے عمرہ، خاندانی ملاقات اور تجارتی ویزوں کے اجرا کو موسم حج ۲۰۲۵ کے اختتام تک معطل کر دیا ہے۔ ان ممالک میں انڈونیشیا، الجزائر، مصر، نائجیریا، ایتھوپیا، تیونس، بھارت، بنگلہ دیش اور پاکستان شامل ہیں۔
یہ اچانک اقدام غیر قانونی داخلوں کی روک تھام اور مذہبی اجتماعات میں ہجوم کے نظم و نسق کو مؤثر طور پر قابو میں رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
سعودی حکام نے وضاحت کی ہے کہ یہ پابندی عارضی ہے اور اس کا مقصد زائرین کی سلامتی اور لاجسٹک نظام کی کارکردگی کو یقینی بنانا ہے، خاص طور پر ۲۰۲۴ کے دردناک سانحے کے بعد جس میں شدید گرمی اور ہجوم کے باعث ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ یہ نئی پابندیاں جون ۲۰۲۵ کے وسط تک نافذالعمل رہیں گی اور حالیہ برسوں میں سعودی عرب کی جانب سے ویزوں پر عائد کی جانے والی سخت ترین پابندیوں میں شمار ہوتی ہیں۔
اس فیصلے نے ایشیا اور افریقہ کے لاکھوں زائرین اور مسافروں کے سفری منصوبوں، پروازوں کی بکنگ اور مذہبی زیارتوں میں بڑی رکاوٹ پیدا کر دی ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ اور سفارتی ذرائع کے مطابق، یہ تعلیق وقتی ہے اور حج کے اختتام تک جاری رہے گی۔
اگرچہ اس اقدام کا مقصد حج کے انتظامات کو بہتر بنانا اور عوامی سلامتی کو یقینی بنانا ہے، لیکن اس نے پہلے ہی ایشیا، افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں لاکھوں افراد کی مذہبی منصوبہ بندی، سفری تیاریوں اور سیاحتی آمدنی کو متاثر کیا ہے۔
عالمی سفر و زیارت کی صنعت میں اس فیصلے پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے اور بہت سے ماہرین نے اسے حج سے قبل کی گئی سب سے سخت ویزہ پالیسی قرار دیا ہے۔
سعودی حکام نے وضاحت کی ہے کہ عمرہ ویزہ، تجارتی ملاقات کے لیے ویزہ اور خاندانی ملاقات کا ویزہ اس فیصلے سے متاثر ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ یہ اقدام سزا کے طور پر نہیں بلکہ ایک "احتیاطی تدبیر" کے طور پر لیا گیا ہے تاکہ عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے، خاص طور پر ۲۰۲۴ کے سانحے کے بعد، جس میں اکثریت ان زائرین کی تھی جو غیر حج ویزوں پر سعودی عرب پہنچے تھے۔
رپورٹس کے مطابق، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے حج اور امیگریشن حکام کو ہدایت کی ہے کہ ۲۰۲۵ میں زائرین کے داخلے کے اجازت ناموں پر سخت کنٹرول رکھا جائے تاکہ گزشتہ برس کی انسانی المیے کا اعادہ نہ ہو۔
اعلی حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد ایک محفوظ، مؤثر اور قانونی حج سیزن کو یقینی بنانا ہے۔/
4275278