اسلامی عربی وزراء خارجہ نے ایران پر حملے کی مذمت کردی

IQNA

اسلامی عربی وزراء خارجہ نے ایران پر حملے کی مذمت کردی

6:21 - June 18, 2025
خبر کا کوڈ: 3518667
ایکنا: عرب و اسلامی ممالک کے 20 وزرائے خارجہ نے ایران کے خلاف صیہونی حکومت کے حملوں اور اس حکومت کے تمام اقدامات کی مذمت کی ہے۔

ایکنا نیوز نے رپورٹ دی ہے کہ 20 عرب اور اسلامی ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، حسن ہمسائیگی کے اصولوں اور اختلافات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔

ان ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اس خطرناک صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا جو پورے خطے کی سلامتی و استحکام کے لیے سنگین نتائج پیدا کر سکتی ہے، اور اس وقت جب مشرق وسطیٰ شدید کشیدگی کا شکار ہے، اسرائیل کے ایران کے خلاف دشمنانہ اقدامات کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔

بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کشیدگی میں کمی کے لیے کوششیں کی جائیں تاکہ جنگ بندی اور ہمہ گیر سکون حاصل ہو سکے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ کو ایٹمی ہتھیاروں اور دیگر تباہ کن اسلحے سے پاک کرنے کی اہمیت موجودہ بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق غیرامتیازی بنیادوں پر تسلیم کی جائے، اور تمام علاقائی ممالک فوری طور پر ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) میں شامل ہوں۔

بیان میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے تحت حفاظتی نگرانی میں موجود جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ممانعت پر زور دیا گیا ہے، کیونکہ یہ بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور 1949 کے جنیوا کنونشن کے تحت انسانی بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ساتھ ہی ایران کے جوہری پروگرام پر کسی پائیدار معاہدے کے حصول کے لیے جلد از جلد مذاکرات کی میز پر واپسی کو واحد راستہ قرار دیا گیا۔

وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی پانیوں میں جہاز رانی کی آزادی کے احترام، بین الاقوامی سمندری سلامتی کو متاثر نہ کرنے، اور متعلقہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے اس بات پر بھی تاکید کی کہ خطے کے بحرانوں کا واحد حل صرف سفارت کاری، مکالمہ، اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق حسن ہمسائیگی کے اصولوں کی پابندی ہے، اور یہ کہ موجودہ بحران کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں۔/

 

4289094

نظرات بینندگان
captcha