ملایشین حکومت قرآنی مراکز کے تعاون پر تیار

IQNA

ملایشین حکومت قرآنی مراکز کے تعاون پر تیار

18:39 - August 11, 2025
خبر کا کوڈ: 3518969
ایکنا: انور ابراہیم، وزیرِاعظم ملائیشیا نے اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت "رسٹو قرآن ٹرانسلیشن فاؤنڈیشن" کے لیے مزید بجٹ فراہم کرے گی تاکہ قرآن کریم کو مزید زبانوں میں ترجمہ کر کے اس کا پیغام دنیا کے تمام لوگوں تک پہنچایا جا سکے۔

ایکنا نیوز، "برناما" نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی کہ وزیرِاعظم نے کہا یہ اضافی بجٹ قرآن کے مزید 30 زبانوں میں تراجم کو ممکن بنائے گا اور اس کے عالمی دائرہ اثر کو وسیع کرے گا۔

انور ابراہیم، جو وزیر خزانہ بھی ہیں، نے پُتراجایا میں قرآنِ کریم کے روسی ترجمے کے 30ویں ایڈیشن کی تقریبِ رونمائی میں کہا کہ مختلف زبانوں میں تراجم کا یہ منصوبہ، بشمول روسی ترجمہ، فاؤنڈیشن کے موجودہ مشن کا حصہ ہے، جو قرآن کو 30 زبانوں میں پیش کر کے اس کے پیغام کو دنیا بھر میں پھیلانے پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ملائیشیا کے مقام کو دنیا کے نمایاں قرآن اشاعت کنندگان میں — سعودی عرب اور مصر کے ساتھ — مزید مستحکم کرے گا اور اسے اس میدان میں ایک علاقائی رہنما کے طور پر مضبوط پوزیشن دلائے گا۔

انہوں نے اس تقریب کے ساتھ منعقدہ ایک پروگرام میں، جس میں قرآن کے کنٹینرز بیرونِ ملک روانہ کیے جا رہے تھے، کہا: "میں جس بھی ملک کا سفر کرتا ہوں — چاہے وہ پیرو ہو، برازیل، کمبوڈیا، لاؤس، چین یا روس — میں ہمیشہ ایک ترجمہ شدہ قرآن ساتھ لے جاتا ہوں تاکہ اسے حکومتوں، اسلامی مراکز یا مقامی مساجد کو پیش کر سکوں۔"

ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ حکومت کی اس پالیسی کے عین مطابق ہے، جو بین الاقوامی سطح پر علم و فہم پر مبنی اسلام کے پیغام کو حکمت کے ساتھ پھیلانے پر زور دیتی ہے، تاکہ تعصب اور اسلاموفوبیا کا مقابلہ کیا جا سکے۔

"رسٹو فاؤنڈیشن" کے سربراہ عبداللطیف میراسا اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر القرآن کے مطابق، اضافی بجٹ کے ساتھ اگلے تین سال میں قرآن کے تراجم کی تعداد 60 زبانوں تک بڑھانے کا ہدف ہے۔

اسی دوران انور نے بتایا کہ "مدنی مصحف"، جسے اگلے سال رمضان المبارک میں پیش کیے جانے کی توقع ہے، کا تصور انہیں انڈونیشیا کے شہر جکارتہ کے تجربے سے ملا، جہاں انہوں نے مختلف علاقوں کے مقامی فنون سے مزین قرآنی مخطوطات دیکھے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ طرزِ پیشکش نہ صرف قرآن کے پیغامِ آفاقی کو ظاہر کرتی ہے بلکہ ان ثقافتی ورثوں کو بھی سراہتی ہے جو کتابِ مقدس کی روح سے متصادم نہیں۔/

 

4298950

نظرات بینندگان
captcha