ایکنا نیوز- الرایه نیوز کے مطابق وزارتِ اوقاف و امور اسلامی قطر، "قرآن و دانش انسانی" کے عنوان سے پہلی سالانہ بین الاقوامی کانفرنس اور "کاتبانِ امت" کے پہلے اجلاس کا آغاز کر رہی ہے۔ یہ کانفرنس وزارتِ اوقاف و امور اسلامی کے اسلامی تحقیقات و مطالعاتی شعبہ اور قطر یونیورسٹی کے "ابن خلدون مرکز برائے انسانی و سماجی علوم" کے تعاون سے، قطر یونیورسٹی کے فیکلٹی آف لا (کالج آف لا) میں منعقد کی جا رہی ہے۔
یہ کانفرنس قرآنی آیت «يَهْدِي لِلَّتِي هِيَ أَقْوَمُ» کے موضوع کے تحت منعقد ہو رہی ہے، جس میں قرآن اور دانشِ بشری کے تعلق پر گفتگو کی جائے گی تاکہ درست انسانی معرفت تک رسائی حاصل کی جا سکے۔
اس اجلاس میں مسلمان مصنفین و محققین کی مختلف علمی و ثقافتی میدانوں میں خدمات، اور ان کے کردار پر بھی روشنی ڈالی جائے گی کہ کس طرح انہوں نے اسلامی اقدار کی روشنی میں مسلمانوں کی فکری و شخصی بیداری اور تشکیل نو میں کردار ادا کیا۔
یہ بین الاقوامی کانفرنس، جس میں دنیا کے مختلف اسلامی ممالک سے ۱۸ سے زائد محققین شریک ہیں، کا مقصد معاصر انسانی و سماجی گفتمان کی تشکیل و رہنمائی میں قرآن کی محوریت کو دوبارہ اجاگر کرنا اور شریعت و انسانی و سماجی علوم کے درمیان موجود خلا کو پُر کرنا ہے۔
کانفرنس کے مقاصد میں شامل ہے:
دنیا بھر سے مختلف شعبوں کے مسلمان محققین کو جمع کرنا تاکہ وہ معاصر انسانی علم کی روشنی میں قرآنی مفاہیم و معانی اخذ کریں۔
محققین کو علمِ وحی کے ساتھ جوڑنا اور اسے انسانی و سماجی مظاہر کے مطالعے کے لیے استعمال کرنا تاکہ اسلامی نقطۂ نظر کو تقویت دی جا سکے۔
انسانی و سماجی علوم سے استفادہ کرتے ہوئے اسلامی شریعت کی تحقیقی جہتوں کو مزید گہرائی دینا۔
یہ اجلاس بالخصوص اسلامی شریعت اور سماجی و انسانی علوم کے محققین کو اس بات کی ترغیب دیتا ہے کہ وہ سسٹمیٹک انداز میں ایک دوسرے کے علمی سرمائے سے استفادہ کریں۔
مزید برآں، یہ کانفرنس اُن مسلم مصنفین کی خصوصیات، فکری و ثقافتی پہلوؤں، اور اُن کے علمی و تحقیقی اثرات کا جائزہ لینے اور انکشاف کرنے کا بھی مقصد رکھتی ہے جنہوں نے مختلف علمی، ثقافتی اور تعلیمی میدانوں میں اسلامی معاشرے پر نمایاں اثرات چھوڑے ہیں۔/
4308143