
ایکنا نیوز، الوطَن نیوز ویب سائٹ کے مطابق یہ مقابلے حفظِ قرآن کے شعبے میں منعقد کیے جائیں گے اور مصر بھر کے مراکزِ تربیتِ حفاظِ قرآن کے طالب علموں اور طالبات کے لیے مخصوص ہوں گے۔ یہ مقابلے وزارتِ اوقاف کی جانب سے کلامِ اللہ مجید سے وابستگی اور قرآنِ کریم کے معانی و مقاصد کی درست تفہیم کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے تحت منعقد کیے جا رہے ہیں۔
وزارتِ اوقاف مصر کے اعلامیے کے مطابق، ہر مرکز سے لڑکوں اور لڑکیوں میں سے پانچ بہترین طلبہ اس مقابلے میں شرکت کریں گے، جن کے نام مراکزِ تربیتِ حفاظِ قرآن کے سربراہان کی جانب سے نامزد کیے جائیں گے، بشرطیکہ وہ گزشتہ ادوار میں اس مقابلے کے لیے منتخب نہ کیے گئے ہوں۔ نیز مقابلے کے ہر مرحلے میں مطلوبہ شرائط پوری نہ کرنے والے امیدواروں کو خارج کر دیا جائے گا۔
وزارت نے واضح کیا کہ وزارتِ اوقاف کے شعبۂ امورِ قرآن کو تعارفی خطوط جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2025ء (10 دی 1404ھ ش) مقرر کی گئی ہے۔
انعامات کے حوالے سے وزارت نے اعلان کیا ہے کہ پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کے لیے بالترتیب 70 ہزار، 50 ہزار اور 30 ہزار مصری پاؤنڈ انعام مقرر کیا گیا ہے۔ یہ انعام متعلقہ مرکز کو دیا جائے گا، جسے نمایاں طلبہ، مرکزِ تربیتِ حفاظِ قرآن کے ڈائریکٹر اور اس علاقے کے دیگر قرآنی ذمہ داران کے درمیان تقسیم کیا جائے گا۔
اسی طرح یہ بھی طے پایا ہے کہ دو مراکز کے درمیان ہونے والے ہر مقابلے میں جو بھی شریک 80 فیصد یا اس سے زیادہ نمبر حاصل کرے گا، اسے دو ہزار مصری پاؤنڈ کا انعام دیا جائے گا۔
وزارتِ اوقاف مصر نے مزید بتایا کہ تمام امتحانات مرکزی طور پر قاہرہ کے مسجد الرحمہ میں منعقد ہوں گے، اور یہ امتحانات علاقائی دفاتر سے تعارفی خطوط موصول ہونے کے بعد لیے جائیں گے۔/
4323753