ایکنا نیوز- ہندوستان کے عالمی امور کے معروف تجزیہ نگار نے کہا ہے کہ دہشتگرد گروہ داعش کی حمایت کرنے والے ممالک بہت جلد داعش کے حملوں کا شکار ہوں گے۔
قمر آغا نے آج ریڈیو تھران کی اردو سروس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ داعش کو بشار اسد کی حکومت کو سرنگوں کرنے کے لئے بعض یورپی ملکوں منجملہ امریکہ اور سعودی عرب جیسی حکومتوں کی مالی اور لاجسٹک امداد کے ذریعے تشکیل دیا گیا تھا، لیکن شام کے عوام اور فوج نے ان کے عزائم کو نقش بر آب کردیا۔ ہندوستان کے معروف تجزیہ نگار نے کہا دہشتگرد داعش کی حقیقت سے سب واقف ہوگئے ہیں اور داعش کو کسی بھی طور عوامی حمایت حاصل نہیں ہے، حتی کہ سنّی مسلمان بھی داعش کو دہشتگرد گروہ سمجھتے ہیں۔ جناب قمر آغا نے کہا کہ القاعدہ کے باقیماندہ دہشتگرد داعش میں شامل ہورہے ہیں اور اگر بعض ملکوں کی جانب سے داعش کی مالی امداد بند ہوجائے تو اس گروہ کا نام و نشان مٹ جائے گا۔