‘
ايرانی وزير خارجہ منوچہر متقی كا كہنا ہے كہ پيپلز پارٹی كی سربراہ بينظير بھٹو كا قتل پاكستان كی سلامتی پر حملہ تھا۔انہوں نے یہ بات پاكستان كے ايك روزہ دورے پر پہنچنے كے بعد پيپلز پارٹی سيكرٹيریٹ میں تعزيت كے لیے آنے پر كہا۔ اس موقع پر پارٹی كے رہنما بابر اعوان بھی موجود تھے۔
ايرانی وزيرِخارجہ نے بينظير بھٹو كی تصوير پر پھول چڑھائے اور دعائے مغفرت كی۔ ايك ايرانی سفارت كار كے مطابق ايرانی وزير خارجہ نوڈيرو بھی جانا چاہتے تھے ليكن حكومت نے انہیں اس كی اجازت نہیں دی۔ تاہم انہوں نے ٹيليفون پر پارٹی كے شريك چيئرمين آصف علی زرداری سے تعزيت كی۔
اس سے قبل ايرانی وزير خارجہ نے پاكستانی نگران ہم منصب انعام الحق سے بھی ملاقات كی۔ سركاری ذرائع كے مطابق انہوں نے گيس پائپ لائن سميت مختلف دو طرفہ امور پر تبادلہ خيال كيا۔
ايرانی وزير خارجہ جمعہ كی صبح ايك روزہ دورے پر پاكستان پہنچے تھے۔ دورے كا بنيادی مقصد بےنظير بھٹو كی موت پر تعزيت كرنا تھا۔
ايرانی وزير خارجہ بعد میں صدر پرويز مشرف سے راولپنڈی میں ملاقات كی۔ انہوں نے نگران وزير اعظم مياں محمد سومرو سے بھی باضابطہ ملاقات میں دو طرفہ تعاون پر بات كی۔