عراق میں يوم عاشور كے موقع پر كربلا میں امام حسين كے روضے پر عراق بھر سے آئے ہوئے 20 لاكھ سے زائد عزاداروں نے شركت كی۔ جبكہ ملك كے مختلف علاقوں میں خود كش حملوں جھڑپوں حملوں اور بم دھماكوں میں ايك امريكی فوجی سميت 82افراد ہلاك ہو گئے جبكہ پوليس اور مسلح افراد كے درميان جھڑپوں كا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اطلاعات كے مطابق اتوار كو صوبہ الانبار میں ايك امريكی فوجی قافلے پر خود كش دھماكہ كرنے كی كوشش كی گئی جس كے نتيجے میں كم از كم 6 افراد ہلاك ہوگئے تاہم امريكی فوجی ترجمان نے كہا ہے كہ خود كش دھماكے میں امريكی فوجی محفوظ رہے اور ان كوكوئی نقصان نہیں پہنچا ،اطلاعات كے مطابق خود كش بمبار نے اس وقت خود كودھماكے سے اڑاليا جب شيخ فالوجہ كی جانب جانے والے راستے پر واقع چيك پوسٹ پر4 فوجيوں نے اسے روكنے كی كوشش كی ، اس دھماكے میں 4 گارڈ اور 2 شہری ہلاك ہوگئے ۔ ادھر جنوبی عراق كے شہر بصرہ میں 35 اور ناصریہ میں 18 افراد جھڑپوں كے دوران ہلاك ہو گئے۔ ناصریہ میں پوليس قافلے پر مسلح گروپ نے حملہ كركے 7پوليس اہلكار ہلاك كردیے۔ ہلاك ہونے والوں میں 2 كرنل اور ايك ليفٹيننٹ شامل ہیں۔ حملے میں 55 اہلكار زخمی ہو گئے۔ كركوك میں ماتمی جلوس میں 2 بم دھماكوں كے نتيجے میں 2 عزادارشہيد اور 5 زخمی ہو گئے۔پوليس حكام كے مطابق دونوں شہروں سے 85 عسكريت پسندوں كو گرفتار كر ليا گيا۔ امريكی فوج نے الصلاحیہ كے علاقے كو گھيرے میں لے ركھا ہے تاہم لڑائی میں امريكی فوجی حصہ نہیں لے رہے۔ پوليس كے مطابق 2 نوعمر لڑكوں نے ڈيوٹی پر موجود 2 پوليس اہلكاروں كو فائرنگ كركے ہلاك كر ديا۔ پوليس نے دونوں لڑكوں كو گرفتار كر ليا ہے دوسری طرف شمالی عراق میں سڑك كے كنارے نصب بارودی سرنگ كے دھماكے میں ايك امريكی فوجی ہلاك ہو گيا جبكہ فوجی گاڑی مكمل طور پر تباہ ہو گئی۔