18 محرم الحرام سنہ 2 ھ ق كو خداوند تعالیٰ كے حكم سے مسلمانوں كا قبلہ بيت المقدس كے بجائے خانۂ كعبہ قرار پايا ۔ خداوند تعالیٰ سورۂ بقرہ كی آيت 144 میں ارشاد فرماتا ہے ۔ اے رسول ! ہم آسمان كی طرف اٹھی ہوئی آپ كی نگاہ ديكھ رہے ہیں ۔ عنقريب آپ كا رخ اس قبلے كی طرف موڑدیں گے جو آپ كو پسند ہے اب آپ اپنا رخ مسجد الحرام كی جانب كرليجئے اور جہاں بھی رہیے اسی طرف رخ كيجئے ۔ اہل كتاب اچھی طرح جانتے ہیں كہ یہ تبديلی برحق ہے اور پروردگار كی طرف سے ہے اور اللہ ان كی حركتوں سے غافل نہیں ہے ۔ قابل ذكر ہے كہ بيت المقدس مسلمانوں كا پہلا اور عارضی قبلہ تھا اس لئے رسول اكرم(ص) كوقبلے كی تبديلی كے لئے خدائے تعالیٰ كے فرمان كا انتظار تھا ۔ آخر كار 18 محرم سنہ 2 ھ ق كو خدائے تعالیٰ كے حكم سے مسلمانوں كا قبلہ بيت المقدس كی بجائے خانہ كعبہ قرار پايا اور مسلمانوں نے خانہ كعبہ كی جانب رخ كركے نماز پڑھنا شروع كردی ۔