ایکنا نیوز-کراچی میں 3 روزہ سالانہ تبلیغی اجتماع رقت آمیز مناظر کے ساتھ اختتام کو پہنچ گیا ،لاکھوں فرزندان توحید صبح سوا دس بجے دعا کے اختتام سے لے کر نماز عشا کے بعد تک واپسی کا عمل جاری ہے، اجتماع میں کم وبیش15 لا کھ افراد نے شرکت کی۔ انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ، لاکھوں افراد کی شرکت کے باوجود اجتماع سے واپسی پر کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری 3روزہ عالمی تبلیغی اجتماع تبلیغی جماعت کے معروف بزرگ اور مبلغ اسلام مولانا محمد احمد بہاولپوری کی دعا پر اختتام پذیر ہوا ۔اس سے قبل اجتماع کے آخری روز مولانا طارق جمیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام پریشانیاں ہمارے اعمال کی بدولت ہیں، اگر سب لوگ اللہ سے توبہ کریں اوراللہ کو منالیں تو ہمارے حالات ٹھیک ہوجائیں گے
انہوں نے کہا کہ آج اجتماع میں بہت بڑا مجمع ہے، تاحد نگاہ انسان ہی انسان نظر آرہے ہیں، یہ سب لوگ صرف اللہ کی رضا کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں، اللہ کی رضا کے سوا ان کا کوئی مقصد نہیں ہے۔ ہر مسلمان اللہ کی رضا کے لیے اپنے مسلمان بھائی کے بارے میں اپنے دل کو صاف کر لے، اگر کسی بھائی نے بھائی، بہن سے، شوہر نے بیوی سے، بیٹے نے ماں باپ سے یاکسی بھی مسلمان نے دوسرے مسلمان سے قطع تعلق کیا ہوا ہے تو اللہ کی رضا کے لیے اجتماع سے واپسی پر جاکر قطع تعلق ختم کرے، اللہ اس کا عظیم اجردے گا اوردنیا و آخرت میں بڑائی عطا کرے گا۔ اگر کوئی شخص اللہ کی رضا کے لیے اپنا حق چھوڑتا ہے تو اللہ قیامت کے دن اس سے بہتر حق ادا کرے گا۔ دو مسلمانوں میں تفریق ڈالنا شیطان کا مقصد ہے اور شیطان کو سب سے زیادہ خوشی اس وقت ہوتی ہے جب وہ میاں بیوی کے درمیان تفریق ڈال دے۔ مولانا طارق جمیل نے اپنے بیان میں تبلیغ دین کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ امت مسلمہ کی پستی کو موضوع بناتے ہوئے کہا کہ دعوت و تبلیغ کاعظیم کام اب امت کی ذمہ داری ہے۔ اپنی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے اللہ کے راستے میں نکلیں۔