ایکنا نیوز- اسلام ٹائمز سے گفتگو میں جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی،سابق چیف جسٹس آف پاکستان نے انقلاب کے بانی کی شخصیت کو قابل صد احترام قرار دیتے ہویے کہا کہامام خمینی نے عالم اسلام کے اندر انتہائی مثبت کردار ادا کیا، ایران میں جو اسلامی انقلاب آیا اور ایرانی عوام میں جو مزاحمتی تحریک پیدا ہوئی، اس کا سہرا امام خمینی کے سر جاتا ہے، امام خمینی نے اسلامی اتحاد و وحدت کیلئے بڑی کوششیں کیں، وہ اتحاد بین المسلمین کے بہت بڑے داعی تھے۔ ایران اتنے طویل عرصے عالمی پابندیوں کی زد میں رہا، لیکن پھر بھی وہ ثابت قدم رہا، اس کے پیچھے بھی امام خمینی کا دیا ہوا استقامت کا درس ہے۔انہوں نے ایران کے دشمنوں کےحوالے سے کہا کہ ایران مخالف جو بھی اقدامات ہوئے ہیں اور ہوتے ہیں، اس کے پیچھے امریکی و مغربی مفادات ہوتے ہیں، وہ نہیں چاہتے کہ عالم اسلام میں کوئی حقیقی اتحاد بنے، وہ اتحاد بین المسلمین نہیں چاہتے، جس اتحاد کے داعی امام خمینی تھے۔ آپ پاکستان ہی کی مثال لیں کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ جتنے بھی معاہدے کئے، ان سب کی راہ میں امریکا رکاوٹ بنا۔
جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے ایران عرب جھگڑوں کے حوالے سے کہا کہ یہ دراصل ایک قسم کا انجانا خوف ہے، یا مشرق وسطٰی کے اندر یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ ایران انہیں مغلوب (overpower) کرنا چاہتا ہے، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس خیال (perception) کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، عربوں کو ایران سے نہ کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی ہونا چاہیئے۔