ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ واقعے کے مجرموں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ دوبارہ اس قسم کی دہشت گردی کے خوفناک واقعات نہ ہوسکیں۔
گذشتہ روز ہندوستانی ریاست جھاڑ کھنڈ میں ہندو انتہا پسندوں نے بھینس چوری کا الزام لگا کر جنگل میں دو مسلمان بیو پاریوں 45سالہ محمد مجلوم اور 15سالہ آزاد خان عرف ابراہیم کو تشدد کے بعد پھانسی لگا کر قتل کر دیا گیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہندوستانی اقلیتوں کے خلاف ایسے عوامل انتہائی المناک ہیں ، براہ راست یا بالواسطہ ملوث تمام ملزمان کو ہر صورت میں قانونی گرفت میں لایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ اقلیتی برادریوں کا تحفظ ہر ریاست کی اولین ذمہ واری ہے اور ہندوستان کو بھی چاہیے کہ وہ انتہا پسندوں اور نفرت پھیلانے والوں کے عروج پر پہچنے سے پہلے ہی ان کے خلاف جلد کارروائی شروع کرے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ہندوستان میں مختلف واقعات میں کئی مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ کر بیدردی سے قتل کیا جاچکا ہے۔
گزشتہ سال 28 ستمبر کو ریاست اتر پردیش کے ضلع دادری میں ایک مسلمان کو اس شبہہ پر قتل کر دیا تھا کہ اس نے فریج میں ہندوؤں کے مقدس جانور گائے کا گوشت محفوظ کرکے رکھا ہوا ہے تھا۔