بین الاقوامی گروپ:علامہ اقبال ؒ کے یوم وفات کے حوالے سے تمام ٹی وی چینلز پرخصوصی پروگرامات نشر کیے گئے جبکہ اخبارات میں خصوصی مضامین شائع کئے گیے
ایکنا نیوز- پاکستان میڈیا کے مطابق شاعر مشرق ،مفکر پاکستان و حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا 74واں یوم وفات ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر نظریہ پاکستان فاﺅنڈیشن ، مرکزیہ مجلس اقبال ، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور دیگر اداروں کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات، تقریری مقابلوں ، سیمینارز، مذاکروں ، مباحثوں، مشاعروں اور دیگر پروگراموں کا انعقاد کیا گیاجن میں حکیم الامت کی تحریک پاکستان اور دو قومی نظریہ سمیت ملک و قوم کےلئے خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی جبکہ نوجوان نسل کو مفکر پاکستان کے نظریات وافکار اور ان کی سوچ و فلسفہ سے آگاہ کرنے کےلئے خصوصی دستاویزی فلمیں بھی پیش کی گئیں۔صبح کا آغاز نماز فجر کے بعد لاہور میں علامہ اقبالؒکے مزار پر قرآن خوانی سے ہوا۔ اس موقع پر وطن عزیز کی سلامتی، اسلام کی سربلندی ، غربت ، بے روز گاری ، مہنگائی، قدرتی آفات سے نجات کی خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ علامہ اقبال ؒ کے یوم وفات کے حوالے سے تمام ٹی وی چینلز پرخصوصی پروگرامات نشر کیے گئے جبکہ اخبارات میں خصوصی مضامین شائع کئے گئے جبکہ مزار اقبال پر سارا دن لوگوں نے حاضری دےکر دعائے مغفرت کی اور قیام پاکستان کےلئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔