بین الاقوامی گروپ:مکہ مکرمہ میں مناسک حج کا آغاز ہوگیا ہے، دنیا بھر سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب آئے لاکھوں عازمین کی منٰی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، حج کا رکن اعظم وقوف عرفات کل ادا کیا جائے گا
ایکنا نیوز- ڈیلی پاکستان کے مطابق دنیا بھر سے فریضہ حج کے لئے سعودی عرب پہنچے چودہ لاکھ سے زائد مسلمان منٰی پہنچ رہے ہیں، ہر طرف گونجتی لبیک الھم لبیک کی صدائیں عجب منظر پیش کررہی ہیں، روح پرور مناظر بھی بندوں کی اپنے اللہ کی بندگی کی بہترین بنے ہوئے ہیں، عازمین آج منی میں ظہر، عصر، مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کریں گے، حج کا رکن اعظم وقوف عرفات کل ہوگا۔ سعودی حکومت نے اس سال عازمین کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں، تاحد نظر خیموں کے شہر آباد ہیں جبکہ مکہ آنے والوں کے لئے خصوصی پرمٹ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، سیکیورٹی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔سعودی ولی عہد وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ محمد بن نائف نے خبردار کیا ہے کہ سعودی حکومت حج کی حرمت اور عازمین حج کی سکیورٹی کو متاثر کرنے والی کسی بھی سرگرمی اور حج کے اجتماع کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے اور اس موقع پر کسی قسم کی نعرے بازی یا مظاہرے کی اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے عازمین حج کو بھی ہدایت کی کہ وہ سیاسی پروپیگنڈہ یا حج کی حرمت کو متاثر کرنے والی کسی بھی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں۔ انہوں نہ بتایا کہ ایک لاکھ سکیورٹی اہلکار تعینات کر دئیے گئے ہیں۔ محکمہ پبلک سکیورٹی روزانہ ہیلی کاپٹروں اور ہوائی جہازوں کی 100پروازوں کے ذریعے مشاعر مقدسہ کی نگرانی کرکے صورتحال کا جائزہ لے گا۔سعودی وزارت صحت نے حاجیوں کو فوری طبی امداد مہیا کرنے کیلئےہیلپ لائن قائم کر دی ہے جس کا نمبر 937 ہے۔ کسی ایمرجنسی کی صورت میں حاجی اپنے موبائل سے کال یا ایس ایم ایس کر کے مدد طلب کر سکتے ہیں۔